توہین عدالت کیس : فیصل رضا عابدی کو بڑی خوشخبری سنادی گئی

فیصل رضا عابدی کی بینچ تبدیل کرنے کی کی درخواست منظور

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 3 مئی 2018 13:25

توہین عدالت کیس : فیصل رضا عابدی کو بڑی خوشخبری سنادی گئی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 مئی۔2018ء) سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں فیصل رضا عابدی کی بینچ تبدیل کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے بینچ تبدیل کرنے کی منظور ی دیدی ہے ۔سابق سینیٹر کی جانب سے کیس کو کراچی رجسٹری منتقل کرنے کی بھی استدعا کی گئی جو عدالت نے مسترد کردی۔ عدالت عظمی کی جانب سے فیصل رضا عابدی کے کیس کی سماعت کے لیے نئے بینچ کی تشکیل کا فوری طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے فیصل رضا عابدی کا انٹرویو نشر کرنے والے نجی ٹی وی کی جانب سے تحریری معافی اور پیمرا کی جانب سے جرمانے کے بعد کیس نمٹا دیا ہے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ میں فیصل رضا عابدی کی جانب سے عدلیہ مخالف بیان دینے سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت سے انکار کردیا اور کیس کی مزید سماعت کے لیے دوسرے بینچ کے سپرد کردیا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے فیصل رضا عابدی کے وکیل ڈاکٹر امجد بخاری سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ عدالت کے ساتھ آپ کا رویہ اچھا نہیں ہے۔ ڈاکٹر امجد بخاری نے عدالت کو بتایا کہ وہ 32 سال سے سپریم کورٹ کے وکیل اور قانون کا طالب علم ہیں۔عدالت نے فیصل رضا عابدی کی دو درخواستوں میں سے پی سی او ججز سے متعلق درخواست منظور کر لی۔دوران سماعت عدالت میں فیصل رضا عابدی کا نجی ٹی وی کو دیا گیا انٹرویو چلایا گیا۔عدالت نے تحریری معافی اور پیمرا کی جانب سے جرمانے کے بعد نجی ٹی وی کے خلاف کیس نمٹا دیا۔