برطانیہ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹنگ ‘500سے زائد پاکستانی نژاد بھی میدان میں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 3 مئی 2018 13:55

برطانیہ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹنگ ‘500سے زائد پاکستانی نژاد ..
لندن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 مئی۔2018ء) برطانیہ میں 4 ہزار 400 سے زائد نشستوں پر بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔انتخابات میں پہلی بار 500 سے زائدبرطانوی پاکستانی بھی حصہ لے رہے ہیں۔پولنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہوا جو رات 10 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔مقامی کونسلز کے ان انتخابات میں 96سالہ فلورنس کرک بائی ملک کی سب سے اڈھیر عمر امیدوار ہیں، وہ نیوکاسل سے کونسلر کی امیدوار ہیں، جو عمر رسیدہ افراد کیلئے زیادہ سہولتوں کی خواہشمند ہیں۔

بلدیاتی انتخابات میں لیبر اور کنزرویٹوپارٹی میں سخت مقابلے کی توقع ہے، سب سے بڑا معرکہ لندن میں ہوگا، جہاں 32بار اور کونسلز کی نشستوں پر امیدوار آمنے سامنے ہوں گے۔

(جاری ہے)

برمنگھم، لیڈز، مانچسٹر اور نیوکاسل اپان تھیمز میٹروپولیٹن کونسلز کی تمام تر نشستوں پر معرکہ ہوگا، ہیکنی، نیوہیم، ٹاور ہیملٹس، وٹفورڈ اور شفیلڈ سٹی کیلئے میئرز کا انتخاب بلاواسطہ ہوگا۔

انتخابات میں لیبر پارٹی اپنی 2278 نشستوں کا دفاع کرے گی جبکہ حکمران ٹوری پارٹی 1365 اور لب ڈیم 462 نشستوں کے دفاع کیساتھ ساتھ اضافے کی کوشش کریں گی۔انگلینڈ میں پہلی بار مقامی کونسلز کےانتخابات میں 500سے زائد پاکستانی نژاد امیدوار مختلف سیاسی پارٹیوں کے علاوہ آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔کنزرویٹوپارٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت ایک ایک ووٹ کیلئے تگ و دو کرے گی جبکہ برانڈن لیوائز کا کہنا ہے کہ ہمارا پہلا ہدف 1365نشستوں کا دفاع ہوگا۔

جیریمی کوربن کا کہنا ہے کہ مقامی انتخابات میں لیبر پارٹی کا نعرہ حکومت کے کونسل بجٹ میں کٹوتی کی مخالفت ہوگا، لیبر پارٹی این ایچ ایس، سوشل کیئر اور ہاﺅسنگ کی بہتری کے نعرے کیساتھ میدان میں اتری ہے، لیبر پارٹی 2278نشستوں کے دفاع کیساتھ ساتھ زیادہ کونسلز کے کنٹرول کیلئے پرامید ہے۔لیبر پارٹی ان انتخابات میں لندن کی وانڈزورتھ، ویسٹ منسٹر اور ہیلنگڈن بارو کونسلز پر اضافی اقتدار کیلئے پرامید ہے۔

برطانیہ کی تیسری بڑی سیاسی قوت لب ڈیم کے چیئرمین ونس کیبل نے ان انتخابات کو پارٹی کیلئے انتہائی اہم قرار دیا اور کہا گزشتہ انتخابات میں ٹوری پارٹی کیساتھ شراکت اقتدار کی وجہ سے جو نقصان ہوا اب اس کا ازالہ کیا جائے گا۔لب ڈیم لندن بارو آف سٹن کا کنٹرول برقرار رکھنے کے علاوہ ٹوری پارٹی سے کنگسٹن اپان تھیمز اور رچمنڈ کا اقتدار واپس لینے کی کوشش کرے گی۔گرین پارٹی کے پاس کل 31 نشستیں ہیں جبکہ وہ آکسفورڈ، سولی ہل اور شفیلڈ سے نشستوں کی اضافے کیلئے پرامید ہے، گرین پارٹی تعلیمی اداروں کے گرد خاص طور پر پرفضا ماحول کے انتخابی نعرے کیساتھ میدان میں ہے۔