قصابوں کو مضر صحت گوشت کی فروخت سے اجتناب برتنے کی ہدایت

جمعہ 4 مئی 2018 12:45

فیصل آباد۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آبادسلمان غنی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد نے قصابوں کو مضر صحت گوشت کی فروخت اور غیر قانونی و غیر اخلاقی فعل سے اجتناب برتنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ضلعی حکومت کی طرف سے مذبحہ خانوں سے باہر جانوروں کو ذبح کرنے کے غیر قانونی اقدام کی روک تھام ، بیمار ، لاغر، ضعیف، کم عمر جانوروں کے مضر صحت گوشت کی فروخت اور پانی کی ملاوٹ کے گھناؤنے فعل کے سدباب کیلئے خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے لہٰذا قصاب اس قسم کے اقدامات سے گریز کریں ورنہ ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور بعدازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ضلعی حکومت فیصل آباد نے عوام الناس سے مذبحہ خانوں کے باہر نجی مقامات پر گائے ، بھینس ، اونٹ ، بکروں وغیرہ کو ذبح کرنے والوں کی نشاندہی کرنے کی بھی اپیل کی ہے ۔ ضلعی حکومت کے ترجما ن نے بتا یا کہ مذبحہ خانوں سے باہر جانوروں کو زبح کرنے کے غیر قانونی اقدام ، لاغر ، بیمار ، کم عمر ، ضعیف جانوروں کے مذبحہ اور مضر صحت و پانی ملے گوشت کی فراہمی ، ہیپا ٹائٹس ، ٹائیفائیڈ ، دیگر مہلک بیماریوں کے پھیلائو کو روکنے کیلئے سخت کاروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :