مانسہرہ میں ایک اور خواجہ سرا کو قتل کر دیا گیا

15 سے 2018تک قتل ہونے والے خواجہ سرائوں کی تعداد 57ہوگئی

ہفتہ 5 مئی 2018 15:10

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2018ء) خیبر پختونخواہ کے ضلع مانسہرہ میں منگنی کی تقریب کے دوران تلخ کلامی پر مسلح افراد نے ایک اور خواجہ سرا کو موت کے گھاٹ اتاردیا، صوبے میں دو ہزار پندرہ سے لے کر اب تک ستاون خواجہ سراؤں کو قتل کیا جا چکا ہے۔تفصیلات کے مطابق مانسہرہ میں منی نامی خواجہ سرا منگنی کی تقریب میں شریک تھا،جہاں پر مقامی شخص نے تلخ کلامی کے بعد خواجہ سرا کوگولی ماردی،جس کے نتیجے میں خواجہ سرا موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد مقامی افراد نے قاتل کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ خواجہ سرا کی میت اسپتال منتقل کیا گیا۔یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں دو ہزار پندرہ سے اب تک ستاون خواجہ سراؤں کو قتل کیا جاچکا ہے۔واضح رہے کہ تئیس اپریل کو صوابی میں شیوہ اڈا کے مقام پر نامعلوم افراد نے خواجہ سرائوں کے ڈیرے پر فائرنگ کی تھی، فائرنگ کے نتیجے میں ایک خواجہ سرا شینو جاں بحق ہو گیا تھا۔ستائیس مارچ کو بھی پشاور کے علاقے رنگ روڈ پتنگ چوک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خواجہ سرا سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔