مقبوضہ کشمیر ، جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کیطرف سے یاسین ملک کی نظر بندی کی مذمت

اتوار 6 مئی 2018 13:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ نے پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کی غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی پولیس نے ہفتے کے روز سرینگر میں محمد یاسین ملک کی رہائش گاہ کا محاصرہ کر کے انہیں گرفتار کر لیا جسکے بعد انہیں کوٹھی باغ تھانے منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کے رہنما نو ر محمد کلوال کو عدالتی احکامات پر رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتار کر کے کوٹھی باغ تھانے منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ نور محمد کلوال گزشتہ ایک ماہ سے نظر بند ہیں۔ ترجمان نے محمد یاسین ملک اور نور محمد کلوال کی نظر بند ی ، مشترکہ حریت قیادت کو سرینگر میں پریس کانفرنس سے روکنے اور کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے جاری جبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔