موجودہ حکومت نے عوام کی سہولت کے لئے کئی میگا پراجیکٹس شروع کیے ، بڑے ترقیاتی منصوبوں سے ملک بھر کے عوام فائدہ اٹھا ئیں گے، روٹری کی اہمیت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے روٹری کلب کی خدمات قابل تحسین ہیں، خواتین نے ملکی ترقی میں مردوں کے برابر کردار اد ا کیا ہے،

گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کاروٹری کلب اسلام آباد کے زیرِ اہتمام با اختیاری اور یکجہتی کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب

اتوار 6 مئی 2018 16:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے عوام کی سہولت کے لئے کئی میگا پراجیکٹس شروع کیے جن سے ملک بھر کے عوام فائدہ اٹھا ئیں گے، روٹری کی اہمیت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے روٹری کلب کی خدمات قابل تحسین ہیں، خواتین کا ملکی ترقی میں اتنا ہی کردار ہے جتنا مردوں کا ہے۔

وہ اتوار کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں روٹری کلب اسلام آباد کے زیرِ اہتمام با اختیاری اور یکجہتی کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ گورنرز ، ملک بھر سے روٹری کلب کے نمائندوں اور روٹری انٹرنیشنل کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ سکول کے زمانہ سے روٹری کلب کو جانتا ہوں، میرے والد روٹری کے ممبر تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک عام شخص کو روٹری کلب کے بارے میں معلوم نہیں ہے اس لئے تجویز ہے کہ روٹری کلب کے ساتھ پاکستان لگایا جائے تا کہ عام آدمی کو علم رہے۔ گورنر کے پی کے نے کہا کہ روٹری کی اہمیت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، موجودہ حکومت نے ملک میں کئی میگا پراجیکٹس شروع کر رکھے ہیں جن سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔اس سے ملک بھر کی عوام فائدہ اٹھا ئے گی۔

گورنر نے کہا کہ کوئی ملک عورت کو برابر حقوق دیے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔خواتین کا ملکی ترقی میں اتنا ہی کردار ہے جتنا کہ مردوں کا ہے،خواتین کے بغیر ملک آگے ترقی نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ روٹری کلب کی پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے قابل تحسین خدمات ہیں،پولیو کے حوالے سے ہم نے رواں سال بڑی کامیابی حاصل کی ہے آج فاٹا بھی پولیو فری ہے اس لئے اب ہم فخر کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان اب پولیو سے پاک ملک ہے تاہم پولیو کے ہمیشہ خاتمے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ گورنر فائزہ قمر نے کہا کہ روٹری کلبز کو مضبوط بنانے کے لیے تمام شراکت داروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔ پولیو کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ فائزہ قمر نے کہا کہ ملک بھر کے روٹری کلب پولیو کے خاتمہ کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ قبل ازیں کانفرنس کے دوران ڈسٹرکٹ گورنرز کے درمیان روٹری کلب کے موضوع پر بحث بھی ہوئی سب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ روٹری کلب روزانہ کی بنیاد پر ایکسٹرا کام کرے گا۔