عوام کو سہولت فراہم کرنا پیپلز پارٹی کا منشور ہے ، جان محمد بلوچ

اتوار 6 مئی 2018 19:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبد الخالق مروت نے کہا ہے کہ عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی پیپلز پارٹی کا منشور ہے اور بلدیہ ملیر اسی مقصد کے حصول کیلئے تمام یوسیز میں بلاتفریق خدمت کے عمل میں مصروف ہے۔ ان خیلات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم ، یوسی چیئرمین احسان اللہ ٹکروی ، یوسی وائس چیئرمین ملک تاج کے ہمراہ یوسی مظفرآباد مرکزی شاہراہ روڈ کے تعمیراتی منصوبے کا افتتاح کر تے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن، ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ واثق ظفر ، ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ سے یو سی کے بلدیاتی نمائندوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور ان کے مسائل اپنے محدود وسائل میں حل کر رہے ہیں، ہم نے تمام یوسیز کو بلاتفریق مساوی فنڈ فراہم کئے ہیں ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کی عدالت میں پیش ہوکر سرخرو ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ہماری یو سی کے دیرینہ مسئلے حل کر نے پر عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہیں، ترجیح بنیاد پر ہماری یو سی کی دیگر ترقیاتی اسکیمیں بھی منظور کی ہیں ان اسکیموں کی تکمیل سے یوسی مظفرآباد میں واضح تبدیلی نظر آئے گی ۔ چیئرمین بلدیہ ملیر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندے عوام کے بہتر مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے ترجیح بنیادوں پر ترقیاتی کام مکمل کر وارہے ہیں ، ان کی حفاظت کریں اور معزز شہری ہونے کا ثبوت دیں۔