چین امریکہ تعلقات ایک اہم مرحلے میں ہیں، دونوں کو اعلی سطح اور مختلف درجے کے تبادلوں کو مضبوط بنایا جانا چاہیئے تاکہ دوطرفہ تعلقات درست سمت پر آگے بڑھ سکیں،یانگ جیے چھی کی امریکی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک بات چیت

اتوار 6 مئی 2018 20:30

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) مرکزی خارجہ امور کی کمیٹی کے دفتر کے سربراہ یانگ جیے چھی نے کہا ہے کہ اس وقت چین امریکہ تعلقات ایک اہم مرحلے میں ہیں، دونوں کو اعلی سطح اور مختلف درجے کے تبادلوں کو مضبوط بنایا جانا چاہیئے تاکہ دوطرفہ تعلقات درست سمت پر آگے بڑھ سکیں۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور مرکزی خارجہ امور کی کمیٹی کے دفتر کے سربراہ یانگ جیے چھی نے دعوت پر امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

یانگ جیے چھی نے کہا کہ اس وقت چین امریکہ تعلقات ایک اہم مرحلے میں ہیں۔فریقین کو چینی صدر شی جن پھنگ اور امریکی صدر ٹرمپ کے طے کردہ اہم اتفاق رائے کو عمل میں لانا چاہیئے ۔

(جاری ہے)

اعلی سطح اور مختلف درجے کے تبادلوں کو مضبوط بنایا جانا چاہیئے ،معیشت و تجارت سمیت دیگر مسائل پر قریبی رابطے برقرار رہنے چاہییں ۔باہمی کلیدی مفادات اور اہم تشویش کا احترام کیا جانا چاہیئے ،اختلافات اور حساس مسائل سے ٹھوس طریقے سے نمٹا جانا چاہیئے ،اہم عالمی و علاقائی امور پر صلاح و مشورے کو برقرار رکھنا چاہیئے تاکہ دوطرفہ تعلقات درست سمت پر آگے بڑھ سکیں ۔

پومپیو نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں کی حیثیت سے امریکہ اور چین کے درمیان تعاون میں بڑی گنجائش موجود ہے۔امریکہ چین کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے قریبی رابطہ رکھنے کا خواہاں ہے۔فریقین نے دیگر عالمی و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال بھی کیا۔