پودوں کے جینیاتی وسائل، جین بنک آپریشن کے انتظام کے حوالے سے چار روزہ بین الاقوامی ورکشاپ(کل) شرو ع ہو گی

اتوار 6 مئی 2018 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور کامسٹیک سیکرٹریٹ کی جانب سے پودوں کے جینیاتی وسائل اور جین بنک آپریشن کے انتظام کے حوالے سے چار روزہ بین الاقوامی ورکشاپ 8 مئی سے شرو ع ہو گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور، کامسٹیک سیکرٹریٹ کی جانب سے پودوں کے جینیاتی وسائل اور جین بنک آپریشن کے انتظام کے حوالے سے بین الاقوامی ورکشاپ 8 سے 11 مئی2018 تک کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقد کی جا رہی ہے۔

اس ورکشاپ کے توسط سے او آئی سی اسلامک ممبر ممالک سے 30 سے 35 شرکاء کو معلومات فراہم کرنا ہیں۔ اجلاس میں افغانستان، آزربائی جان، بنگلہ دیش، گیمبیا، روم ، عراق، ایران، ملائیشیا، موروکو، اومان، سینیگال ، سوڈان اور تاجکستان کے ممبران شرکت کرینگے ۔

(جاری ہے)

قومی اور بین الاقوامی ماہرین جین بنک سے متعلق اہم اور مفید معلومات شرکاء تک پہنچائیں گے۔

اس اجلاس کے دو اہم مقاصد ہیں۔ ایک تو یہ کہ پی جی آر ایف اے کے پلانٹ جینیاتی وسائل کو بڑھایا جائے اور دوسرایہ کہ اوآئی سی ممالک کو فصلات کے جین کے بارے میں نئی جدت سے متعلق آگاہی حاصل ہو سکے۔ اس سے جینیاتی وسائل کو بہتر انداز سے بروئے کار لا کر اور نئی ٹیکنالوجی کو اپنا کر فصلات کی پیداوارمیں اضافہ کیا جا سکے گا اور دنیا میں خوراک کی کمی پر قابو پانے میں بہت مدد ملے گی۔