کراچی سمیت اندرون سندھ میں فٹ بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، حمزہ فاروق

پیر 7 مئی 2018 13:48

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) فٹ بال کلب کراچی فائونڈیشن لیاری کے صدر حمزہ فاروق نے کہاہے کہ ڈسٹرکٹ سائوتھ لیاری کے بعد سینٹرل، ایسٹ، ویسٹ اور ملیر میں بھی فائونڈیشن کی شاخوں کے قیام کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں، مختلف ممالک کے نام سے ڈپلومیٹک پیس کپ ٹورنامنٹ اور میچز کا بھی انعقاد کیا جائیگا۔جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ فائونڈیشن کا دائرہ کار اندرون سندھ تک وسیع کیا جائیگا اور دنیا بھر میں ملک کا سوفٹ امیج بحال کر نے کیلئے مختلف ممالک کے نام سے ڈپلومیٹک پیس کپ ٹورنامنٹ اور میچز کا بھی انعقاد کیا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں فٹ بال کے فروغ اور بچوں کے لگائو کیلئے کارٹون بک بھی تیار کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور اندرون سندھ میں فٹ بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، اچھے کوچز کے ذریعے نئے ٹیلنٹ کی تربیت کر کے انہیں بہترین فٹ بال پلیئر بنایا جائیگا۔

(جاری ہے)

لیاری سائوتھ کے بعد شہر بھر میں اور اندرون سندھ کے مختلف اضلاع حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، خیرپورمیں بھی فائونڈیشن کی شاخیں بنائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا فقدان ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے وہاں نئے پلیئرز کی تربیت اور مختلف فٹ بال ٹورنامنٹس کا انعقاد بھی رواں سال کے کلینڈر میں شامل ہے۔ انہو ں نے کہا کہ فٹ بال دنیا بھر میں بہت زیادہ کھیلا جانے والا کھیل ہے اور پاکستان میں بہترین فٹ بال پلیئرز موجود ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ فٹ بال پلیئرز کو کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔