سوشل میڈیا پرعدلیہ مخالف مواد کی اشاعت پر پابندی کیلئے درخواست پر وفاقی وزارت ٹیلی کمیونیکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی سے جواب طلب

پیر 7 مئی 2018 15:40

لاہور۔7 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے سوشل میڈیا پرعدلیہ مخالف مواد کی اشاعت پر پابندی کیلئے دائر درخواست پر وفاقی وزارت ٹیلی کمیونیکیشن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے توہین عدالت کیس میں وزیر داخلہ احسن اقبال کی طلبی کے معاملہ کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کردی۔

پیر کو جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میںتین رکنی بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مواد شائع کیا جارہا ہے، سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مواد شائع کرنا آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی اشاعت پر پابندی کا حکم دے۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے سعد رسول ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور جواب داخل کرنے کی مہلت طلب کی۔ عدالت نے سوشل میڈیا پرعدلیہ مخالف مواد کی اشاعت پر پابندی کیلئے دائر درخواست پر وفاقی وزارت ٹیلی کمیونیکیشن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے 9 مئی کو جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے توہین عدالت کے کیس میں وزیر داخلہ احسن اقبال کی طلبی کے کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کردی۔