کراچی ، پولیس کے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے ،موٹرسائیکل لفٹر سمیت 14 ملزمان گرفتار

پیر 7 مئی 2018 18:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے موٹرسائیکل لفٹر سمیت 14 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، موٹر سائیکل اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا، جبکہ فائرنگ کے دو واقعات میں تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سائٹ اے پولیس نے 3 ملزمان سجاد،اسلم عرف ساجد اور مبین کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا،ملزم سجاد منشیات فروشی کی وارداتوں میں ملوث ہے،جبکہ اسلم عرف ساجد اور مبین موٹرسائیکل لفٹنگ کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے، مدینہ کالونی پولیس نے ملزم وسیم عرف ندیم کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی،پاکستان بازار پولیس نے منشیات فروش خالد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اعلی کوالٹی کی چرس برآمد کرلی،، ادھر عزیز آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عامر، عابد، توحید اور شعیب احمد کو گرفتار کر کے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد کرلی، جبکہ ابراہیم حیدری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے علی رضا،رزاق، حسین اور جہانگیر سے اسلحہ، منشیات،اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد ہوا۔

(جاری ہے)

ملزمان اسٹریٹ کرائم اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب گلستان جوہر رابعہ سٹی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا جبکہ معمار موڑ سپر ہائی وے کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نور بخت خان اور مرزا علی زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔