چین کی پیوٹن کو چوتھی بار روس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

دونوں صدور کی رہنمائی میں چین اور روس تعاون مزید وسیع ہوگا،تعاون کا راستہ مزید کشادہ ہو گا، چینی وزارت خارجہ

پیر 7 مئی 2018 19:07

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) چین نے روسی صدر پیوٹن کو چوتھی بار روس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں صدور کی رہنمائی میں چین اور روس تعاون مزید وسیع ہوگا،تعاون کا راستہ مزید کشادہ ہو گا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بطور صدر کے چوتھی معیاد کا باقاعدہ آغاز کیا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گنگ شوانگ نے اس پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے زور دیا کہ چین کو یقین ہے کہ دونوں صدور کی رہنمائی میں چین اور روس کے درمیان تعاون مزید وسیع ہوگا۔گنگ شوانگ نے کہا کہ دونوں صدور کی رہنمائی میں چین روس تعلقات اعلی معیار پر رہے ہیں۔اس وقت دونوں ممالک کی ہمہ گیر تزویراتی شراکت داری کے تعلقات تاریخ میں بہترین مرحلے میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے صدور کی رہنمائی میں چین روس تعلقات کو مزید فروغ ملے گا اور تعاون کا راستہ مزید کشادہ ہو گا۔جزیرہ نما کوریا کی صورتحال کے حوالے سے چینی ترجمان نے کہا کہ گزشتہ عرصے سے اس علاقے کی صورتحال میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں اور اس رجحان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیئے۔اطلاع کے مطابق امریکہ نے حالیہ دنوں میں کہا کہ شمالی کوریا نے ایٹمی اسلحے سے پاک رکھنے کے عزم کا اس لیے اظہار کیا ہے کہ وہ پابندیوں اور دباو کے تحت ہے۔