غربت پسماندگی ناخواندگی بلوچستان کا مقدر نہیں ، حقوق کا تحفظ آئینی جدوجہد کے ذریعے ہی ممکن ہے، سعید احمد ہاشمی

پیر 7 مئی 2018 20:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی رہنماء سابق سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ مختلف مفادات کے حصول کے لئے بلوچستان کا نام استعمال کرنے کی روایت اب ختم ہونی چاہیے غربت پسماندگی ناخواندگی بلوچستان کا مقدر نہیں بلوچستان کے حقوق کا تحفظ آئینی جدوجہد کے ذریعے ہی ممکن ہے تاہم اس جدوجہد کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے فیصلہ سازی کا اختیار بھی مقامی سیاسی قیادت کو حاصل ہو تو مقاصد اور اہداف کے حصول میں آسانی ممکن ہے وقت اور زمینی حالات نے ثابت کردیا ہے کہ حقوق کا حصول بندوق یا مذاحمت سے نہیں بلکہ آئینی جمہوری جدوجہد سے ہی ممکن ہے بلوچستان عوامی پارٹی کا مقصد ایک ایسے بااختیار سیاسی پلیٹ فارم کی تشکیل ہے جس میں عوامی حمایت کے حامل سیاسی نمائندوں کو عوامی مسائل کے حل کے اپنی قیادت تک باآسانی رسائی حاصل ہو اور مسائل کے فوری ادراک کا سہل طریقہ کار موجود ہو اس طرح ہی عوام جمہوریت کے ثمرات سے استفادہ کر سکتے ہیں اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ بے گناہ افراد کا قتل حقوق کی جدوجہد نہیں بلکہ وطن عزیز کے خلاف عدم استحکام کا وہ عالمی ایجنڈہ ہے جس میں بعض ناعاقبت اندیش افراد کا کاندھا استعمال ہورہا ہے ایسے حالات میں عقلی شعور کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے معاشرے کے باشعور طبقے کو ایسے عناصر کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرنی ہوگی جو معاشرتی انارکی پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں موجودہ حالات میں ایسی حقیقی سیاسی قیادت کو آگے لانے کی اشد ضرورت ہے جو بلوچستان کے حقیقی مسائل کا بخوبی ادراک رکھتی ہو اور بلوچستان عوامی پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عالمی صورتحال میں قومی سیاست میں بلوچستان کے کلیدی کردار اور مسائل کو سمجھتی ہے اور تمام معاملات کے حل کا واضح ویڑن رکھتی ہے عوام نے ہم سے جو توقعات وابستہ کر رکھی ہیں ان پر پورا اترنے کے لیے ہر ممکن سعی کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :