ا ستاد کاکردار معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،قائمقام گورنر بلوچستان راحیلہ حمیدخان درانی

پیر 7 مئی 2018 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) قائمقام گورنر بلوچستان راحیلہ حمیدخان درانی نے ثانوی اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں کالج اساتذہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں استاد کا مقام بہت بلند اور اس کی مثال معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی ہوتی ہے ، کالج اساتذہ کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کا سلسلہ خوش آئند ہے امید ہے کہ وہ فروغ تعلیم کے لئے مستقبل میں بھی اپنا موثر اور فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے گزشتہ روز بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ جس نے صدر پروفیسرآغا زاہد کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔بی پی ایل اے کے وفد نے قائمقام گورنر کو کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں کالج اساتذہ کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا اور فروغ تعلیم کے لئے صوبائی حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی انہیں آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راحیلہ حمیدخان درانی نے بی پی ایل اے کے وفد کو جائز مطالبات کے حل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کا مستقبل استاد کے مرہون منت ہے معاشرے میں استاد کا مقام اور مرتبہ بہت بلند ہوتا ہے ہمارے معاشرے میں استاد کو اس کا جائز مقام و مرتبہ دینے کی ضرورت ہے انہیںدرپیش مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے اقدامات خوش آئند ہیں اور ان اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا ۔ انہوں نے اس امید کااظہار کیا کہ بی پی ایل اے صوبے میںفروغ تعلیم کے لئے اپنا فعال اور موثر کردار ادا کرے گی تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکے ۔