ملک میں تعلیم،صحت کی سہولیات کی فراہمی اور غربت کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،

ہمیں پارلیمنٹ کے وقار اور تقدس کا خیال رکھنا ہوگا ،تمام مسائل کا حل پارلیمنٹ کے ذریعے ہی کرنا ہوگا، اراکین قومی اسمبلی کا بجٹ پربحث کے دوران اظہار خیال

پیر 7 مئی 2018 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) اراکین قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیم،صحت کی سہولیات کی فراہمی اور غربت کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،ہمیں پارلیمنٹ کے وقار اور تقدس کا خیال رکھنا ہوگا ،تمام مسائل کا حل پارلیمنٹ کے ذریعے ہی کرنا ہوگا۔پیر کو قومی اسمبلی میں بجٹ 2018-19ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن مراد سعید نے ملک میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اور غربت کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو تعلیم اور صحت کی سہولیات سمیت غربت و افلاس کا سامنا ہے‘ یہی وجہ ہے کہ میں نے ایوان کا رکن بننے کے بعد ہمیشہ سٹیٹس کو کو چیلنج کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں عام بندے کو کوئی برداشت کرنے کو تیار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت عام بندوں کو پارلیمنٹ میں لے کر آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ ہر پارلیمنٹرین کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج کرانے کے لئے پابند بنانے کا میرا بل مسترد کردیا گیا۔مراد سعید نے کہا کہ ہماری جماعت برسر اقتدار آکر یہ قانون سازی مکمل کرے گی۔ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی اور کارخانے لگے تو غربت کا خاتمہ ہوگا اور خوشحالی آئیگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں ہے ‘ موثر اقدامات اٹھائے جائیں تو حالات بدل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت برسراقتدار آکر ملک کو بدلے گی۔میجر (ر) طاہر اقبال نے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ کی عزت اور وقار کا بھی خیال رکھنا ہوگا۔ ہم پر اعتراض ہے کہ پورے سال کا بجٹ ہم نے کیوں دیا۔ اس نظام کو چلانے کے لئے ضروری تھا کہ بجٹ پیش کیا جاتا۔

بجٹ میں ٹیکس کم کئے گئے ریلیف دیا گیا ہے اس لئے اپوزیشن خائف ہے۔ اچھے کام کی تعریف کی جانی چاہیے۔دہشت گردی کا معاملہ ہو یا ملک کی معاشی صورحال ہم سب کو مل کر ملک کو اس دلدل سے نکالنا ہوگا‘ہمیں پارلیمنٹ کے وقار اور تقدس کا خیال رکھنا ہوگا اور تمام مسائل کا حل پارلیمنٹ کے ذریعے ہی کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی قیمتی زرعی زمین ہائوسنگ سوسائٹیوں کی نذر ہو رہی ہے۔ اس مقصد کے لئے بنجر زمین کو استعمال میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی بچت پر ہمیں بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چکوال میں کسی بھی یونیورسٹی کا ذیلی کیمپس قائم کیا جائے۔