دبئی میں پی آئی اے کے ہزاروں مسافر پھنس گئے

دبئی ایئر پورٹ پر واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی روکنے کے باعث پی آئی اے کے مسافروں شدید پریشانی کا شکار ہو گئے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 7 مئی 2018 22:17

دبئی میں پی آئی اے کے ہزاروں مسافر پھنس گئے
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 07مئی 2018ء ) :دبئی میں پی آئی اے کے ہزاروں مسافر پھنس گئے۔ دبئی ایئر پورٹ پر واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی روکنے کے باعث پی آئی اے کے مسافروں شدید پریشانی کا شکار ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا شمار کبھی دنیا کی بہترین فضائی کمپنیوں میں ہوتا تھا ۔ہماری قومی ائیر لائن نے نہ صرف دنیا کی فضاوں پر راج کیا بلکہ بہت سی معروف فضائی کمپنیوں نے پی آئی اے کے ماڈل کو اپنا تے ہوئے اپنا وجود قائم کیا اور آج انکو دنیا کی بہترین فضائی کمپنیاں ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

ایک جانب پی آئی اے نے عروج کا یہ زمانہ دیکھا ہے اور آج پی آئی اے کی زبوں حالی زبان زد عام ہے۔ہر آئے روز ایک نئے تنازعے میں گھر جانا شائد ہماری قومی ائیرلائن کا مقدر بن چکا ہے ۔

(جاری ہے)

پی آئی اے کا مالی خسارہ اربوں روپے میں پہنچ چکا ہے۔ماضی قریب میں پی آئی اے کو ٹریک پر واپس لانے کے لیے کچھ اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں تاہم ابھی پی آئی اے کو اپنی ساکھ بحال کرنے میں ایک لمبا عرصہ درکار ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس وقت پی آئی اے کے ہزاروں مسافر دبئی میں پھنس چکے ہیں۔دبئی ایئر پورٹ پر واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی روکنے کے باعث پی آئی اے کے مسافروں شدید پریشانی کا شکار ہو گئے۔ذرائع کے مطابق کروڑوں روپے کے واجبات ادا نہ کرنے پر جیٹ فیول کی سپلائی عارضی طور پر بند کی گئی ہے، پی آئی اے کی جن پروازوں کو جیٹ فیول دبئی ائیر پورٹ پر نہیں ملا ان میں پی کے 2040، پی کے284 اور پی کے 212 شامل ہیں۔

اس حوالے سے پی آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ کچھ جہازوں کے ایندھن کی رقم کی ادائیگی کر دی گئی ہے جبکہ باقی رقم کی ادائیگی کے حوالےسے مذاکرات جاری ہیں ۔حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی یہ مسئلہ حل ہو جائے گا اور مسافر اپنی اپنی منزلوں پر پہنچ جائیں گے۔