بندوں پرسے بندوں کی خدائی ختم کرکے اللہ رب العزت کی حاکمیت کا نام ہی اقامت دین ہے ،رہنما جماعت اسلامی

قرآن وسنت پرمبنی نظام کی بالادستی کے لیے کارکنان کوگھرگھردستک دینی ہوگی،رابطہ عوام مہم توسیع دعوت کا موثرذریعہ ہے،نوجوان ہی ہراول دستہ ہیں،محفل قرآن وسنت سے خطاب

پیر 7 مئی 2018 23:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) اقامت دین کی جدوجہد میں اپنے صبح وشام ایک کرنے کی ضرورت ہے،بندوں پرسے بندوں کی خدائی ختم کرکے اللہ رب العزت کی حاکمیت کا نام ہی اقامت دین ہے ،دیانت دارقیادت کا انتخاب بھی اقامت دین کے زمرے میں آتا ہے ہماری ذمہ داری ہے کہ امانت اہل امانت کے سپرد کریں اورنیکی کا حکم اوربرائی کو روکنے کے اسباب پیداکریں ،قرآن وسنت پرمبنی نظام کی بالادستی کے لیے کارکنان کوگھرگھردستک دینی ہوگی ۔

رابطہ عوام مہم توسیع دعوت کا موثرذریعہ ہے،نوجوان ہی ہراول دستہ ہیں ۔ ان خیالات کااظہارمرکزی نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان وسابق سینیٹر پروفیسر محمد ابراہیم ،امیرشاہ فیصل زون محمد فرحان ودیگرنے جماعت اسلامی شاہ فیصل زون کے تحت گرین بیلٹ شاہ فیصل کالونی نمبر2پرپانچ روزہ محفل قرآن وسنت کے آخری روزخطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب میں ہزاروں کی تعداد میں مردوخواتین ،بزرگ ،بچے اورنوجوان موجود تھے ۔

اس موقع پر قیم زون عتیق احمدنائب امرائے زون اسامہ شعیب ،سیف الدین ،محمد ندیم راجو،زبیربھٹی،نائب قیمین مشتاق احمد خان ،سعداللہ چوہدری ویگر رہنمابھی موجود تھے ۔پروگرام کے اختتام پرخصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا ،مرحومین ،مریضوں اورمسائل میں الجھے اور پریشان افراد کی جانب سے بھیجی گئی درخواستوں پر بھی دعا کی گئی ۔محفل قرآن وسنت کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سینیٹر پروفیسر محمد ابراہیم نے مزید کہا کہ اللہ رب العزت مالک اور خالق ہے اور وہی قانون ساز ہے ،پوری دنیا کانظام اسی کی دستر س میں ہے ۔

دین ہی دراصل قانون ہے ،دین کو نافذ کرنے کے لیے قانون سازی کی جائے ۔ دین کی پشت پر اللہ رب العزت کی قوت ہے ،دین کوانفرادی واجتماعی زندگیوں میں بسایاجائے ۔ عقیدئہ توحید اوررسالت ،آخرت کی بنیاد پر اسلامی نظام کا قیام ہی دراصل ا قامت دین ہے ،معاشرت ،معیشت ،سیاست ،حکومت ،قانون ،عدالت اورزندگی گزارنے کا طریقہ ہی دین کہلاتا ہے ۔ پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہ انبیاء علیہم السلام کی سنت رہی ہے کہ اللہ رب العزت کے نائب ہونے کا حق ادا کیاہے ،حق نیابت کی انجام دہی کا د وسرا نام اقامت دین ہے ۔

دنیا وآخرت کی کامیابی کا انحصار بھی اقامت دین پر ہے ،سوئے ہوئے غافل لوگوں کواقامت دین کے لیے بیدارکرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ امیرشاہ فیصل زون محمد فرحان نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی ہراول دستہ ہیں ،جماعت اسلامی کی خوشحال واسلامی پاکستان کی مہم میں سروخرو ہوگی ۔#