خبردار ہوشیار، سوشل میڈیا پر صارفین کو لُوٹنے والا گروہ سرگرم

راولپنڈی کا رہائشی نوجوان سوشل میڈیا پر صنف نازک کی باتوں میں آ کر رقم لُٹا چکا ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 8 مئی 2018 11:19

خبردار ہوشیار، سوشل میڈیا پر صارفین کو لُوٹنے والا گروہ سرگرم
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 مئی 2018ء) : سوشل میڈیا پر صارفین کو بہلا پھُسلا کر لُوٹنے والا گروہ سرگرم ہو گیا ہے ۔ راولپنڈی کا رہائشی ایک نوجوان سوشل میڈیا پر صنف نازک کی باتوں میں آ گیا۔ دانش نے اپنی تمام تر تفصیلات خاتون کو بتا دیں۔ خاتون نے منی باکس بھیجنے کا ڈرامہ رچایا اور جعلی ثبوت بھیج دیا ۔ خاتون نے خود کو افغانستان میں امریکی فوجی ظاہر کر کے دانش کی مدد کی آفر کی ۔

جبکہ یہ اکاؤنٹ ظہور حسین کے نام پر راولپنڈی صدر میں موجود ہے۔ شہری سے کسٹم کی مد میں 900 ڈالر بذریعہ بینک اکاؤنٹ بھی لیے۔ خاتون نے دانش سے کہا کہ آپ کا منی باکس پاکستان میں امریکی ایمبیسی میں موجود ہے۔ سوشل میڈیا پر موجود ایک گینگ کے سربرای ڈیوڈ نے خود کو امریکی ڈپلومیٹ ظاہر کیا۔

(جاری ہے)

دانش سے رقم ڈیوڈ نے ہی وصول کی۔ بعد ازاں شہری کو بلیک میل کیا گیا کہ مزید پیسے جمع کرواؤ ورنہ آپ کے کورئیر کو اسکین کر لیا جائے گا۔

اسکین کرنے کے بعد اگر کوئی چیز نکل آئی تو آپ کے خلاف امریکن ایمبیسی کارروائی کرے گی ۔ معاملہ سامنے آنے پر تحقیقات کی گئیں تو علم ہوا کہ دانش کو بے وقوف بنایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ آج کل سوشل میڈیا کا استعمال عام ہو گیا ہے ، ہر ایک کے پاس اسمارٹ فون تو موجود ہے لیکن جہاں یہ اسمارٹ فون ہمارےلیے سہولت پیدا کرتا ہے وہیں اس اسمارٹ فون کی وجہ سے ہمیں کئی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ سائبر کرائم فورسز نے شہریوں بالخصوص اسمارٹ فون صارفین کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ بغیرجانے سوشل میڈیا پر موجودکسی بھی پروفائل کو بھروسہ نہ کریں ، ہو سکتا ہے کہ اکاؤنٹ جعلی ہو اور آپ کو بے وقوف بنا کر آپ سے رقم بٹورنے کے ساتھ ساتھ آپ کو نقصان بھی پہنچایا جائے۔