حلقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام عوام کے مینڈیٹ کے مرہون منت ہیں ‘ضیاء الله بنگش

منگل 8 مئی 2018 13:02

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ ضیاء الله بنگش ایم پی اے نے کہا ہے کہ عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا تھا وہ اس کا جواب حلقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کاموں اور بے لوث خدمت سے دے رہے ہیں اور انہیں کسی صورت مایوس نہیں کریںگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل اُسترزئی بالا میں 50لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے منصوبہ آبنوشی کے معائنے کے موقع پر مقامی لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

ضیاء بنگش نے کہا کہ ٹیوب ویل کے بورنگ اور پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل ہوچکا ہے اور عنقریب یہ منصوبہ باقاعدہ طور پر فنکشنل ہوجائے گا جس سے علاقہ کے عوام کا پانی کے پینے کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست سے بالا تر ہو کر حلقے کے عوام کی خدمت ان کا نصب العین ہے اور وہ حلقے کے جملہ بنیادی حقوق کے لئے بھر پور کوشش کررہے ہیں۔