علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سنٹرل جیل ہری پور میں قیدیوں کو ہنر مند بنانے کیلئے ٹیلرنگ سکول کی منظوری دیدی

منگل 8 مئی 2018 14:21

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تحت سنٹرل جیل ہری پور میں قیدیوں کو ہنر مند بنانے کیلئے ٹیلرنگ سکول شروع کرنے کی منظوری دیدی گئی، یونیورسٹی انسٹرکٹر سمیت تمام آلات اور سامان مہیا کرے گی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے قیدیوں کو ہنر مند بنانے کیلئے سنٹرل جیل ہری پور میں ٹیلرنگ سکول بنانے کا فیصلہ کیا ہے، یونیورسٹی کے ڈائریکٹر بین الاقوامی اشتراک ڈاکٹر زاہد مجید نے یہاں صحافیوں کو بتایا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ہری پور جیل میں ٹیلرنگ سکول کی منظور ی دیدی ہے جس کے تحت انسٹرکٹر سمیت تمام ضروری آلات اور سامان مہیا کیا جائے گا تاکہ جیل سے باہر نکلنے والے قیدی معاشرے میں باعز ت روزگار کما کر زندگی بسر کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے ملک بھر کی جیلوں میں قید 800 سے زائد قیدی مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ ہری پور جیل کے 161 قیدی بھی ان میں شامل ہیں، قیدی اوپن یونیورسٹی سے میٹرک، ایف اے، بی اے اور سرٹیفکیٹس کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ان قیدیوں کو مفت ایڈمیشن کے علاوہ فری رجسٹریشن، فری ٹیوشن، مفت امتحانی فیس، مفت ڈگریوں کی تصدیق وغیرہ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔