گزشتہ ماہ مدرسے میں مذہبی تقریب کے دوران افغان فضائیہ کی بمباری سے 30بچوں سمیت 36افراد جاں بحق اور 71 زخمی ہوئے،اقوام متحدہ

افغان صدر اشرف غنی کے تحقیقاتی حکم کے باوجود کوئی نتائج تاحال پیش نہیں کیے جا سکے،افغانستان میں معاون مشن

منگل 8 مئی 2018 15:50

کابل\نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ افغان فضائیہ کے گن شپ ہیلی کاپٹروں نے گزشتہ ماہ مقامی مدرسے پر راکٹ اور ہیوی مشین گن سے حملہ کیا،جس کے نتیجے میں 30 بچوں سمیت 36 جاں بحق جبکہ 71 افراد زخمی ہو گئے تھے۔منگل کو اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ گزشتہ ماہ 2 اپریل کو افغانستان کے شمالی شہر قندوز کے ضلع ارچی میں مذہبی نوعیت کی تقریب جاری تھی کہ افغان فضائیہ نے حملہ کردیا،جس کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونیوالوں میں بچوں کی تعداد 81 تھی جبکہ مجموعی طورپر 107 افراد حملے سے متاثرہوئے۔

افغانستان میں اقوام متحدہ کے معاون مشن (یو این اے ایم ای) نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ افغان حکومت نے مذہبی تقریب کے دوران راکٹ اور خود کار ہتھیاروں سے گولیاں برسائیں،جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں بچے جاں بحق ہو گئے،تفتیش کاروں نے 107 متاثرین کی تصدیق کی،تاہم جاں بحق ہونیوالے کی تعداد 200 سے زائد بتائی گی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں حمتی اعداد وشمار کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے،اقوام متحدہ تاحال اس نتیجے پر پہنچے سے قاصر ہے کہ مذکورہ حملہ عالمی قوانین کے منافی ہے۔

معاون مشن اقوام متحدہ نے کہا کہ 90 سے زائد عینی شاہدین سے واقعے کے متعلق انٹرویو کیے گئے،انہوں نے بتایا کہ جنگی ہیلی کاپٹروں نے ضلع ارچی میں منعقد ‘دستار بندی’ کی تقریب پر راکٹ داغے اور ہیوی مشین گن سے فائرنگ کی،دستار بندی کی تقریب میں 12 راکٹ فائر کیے جس کے بعد تقریب میں شریک نوجوان ، بچے اور بزرگ اپنی جان کے تحفظ کیلئے قریبی گھروں کی جانب بھاگے،مذکورہ واقعہ کے بعد افغان حکومت نے شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی اور افغانستان کے صدر اشرف غنی نے تحقیقات کا حکم بھی دیا لیکن تحقیقات کے کوئی نتائج تاحال پیش نہیں کیے جا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ افغان حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ حملے کا مقصد طالبان کے اسپیشل گروپ ‘ریڈ یونٹ’ کے ارکان کو ہلاک کرنا تھا جو قندوس شہر میں حملے کی پلاننگ بنا رہے تھے اور 2015 سے طالبان کے زیر اثر ہے۔اکتوبر 2015 میں قندوس میں قائم طبی امداد کے کیمپ پر امریکی فضائیہ کے حملوں میں 42 شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔