ْایئریونیورسٹی کے زیراہتمام اوپن ہاؤس کی سالانہ تقریب ،جدید ٹیکنالوجی سے متعلقہ 144 پراجیکٹس پیش

منگل 8 مئی 2018 22:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) ایئریونیورسٹی کے زیراہتمام اوپن ہاؤس کی سالانہ تقریب میںجدید ٹیکنالوجی سے متعلقہ 144 پراجیکٹس پیش کئے گئے۔ تقریب کا انعقاد منگل کو اسلام آباد کیمپس میں کیا گیا جس کے مہمان خصوصی راستگار گروپ کے بانی چیئرمین امتیاز علی راستگار تھے۔ انہوں نے وائس چانسلر ایئریونیورسٹی ایئر وائس مارشل (ر) فائز امیر کے ہمراہ طلباء و طالبات کے فائنل ایئر پراجیکٹس سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے سٹوڈنٹس کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء و طالبات دنیا کے ہر شعبہ زندگی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے شعبہ انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس میںزیر تعلیم پانچ سو سے زائد فائنل ایئرکے طلباء و طالبات نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، روبوٹکس، ہیلتھ کیئر، پاور سیکٹر، انرجی ، ٹیلیکام، الیکٹرونکس وغیرہ سے متعلق اپنے مختلف پراجیکٹس پیش کئے ۔

(جاری ہے)

اوپن ہاؤس کی اختتامی تقریب میں کامیاب طلباء و طالبات کی ٹیموں کے مابین انعامات اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں، وائس چانسلر ایئریونیورسٹی فائز امیر نے اوپن ہاؤس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دورِجدید کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اوپن ہاؤس تقریب کے انعقاد سے انڈسٹری ،یونیورسٹی کے مابین شراکت کاری کو استحکام حاصل ہو گا۔

انہوں نے اوپن ہاؤس تقریب میں شریک ہونے والے اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ رواں برس ایئر یونیورسٹی کے اوپن ہاؤس میں ٹیلیکام، انجینئرنگ، انرجی، بینکنگ سیکٹر کی لگ بھگ 24 نمایاں کمپنیوں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ سالانہ اوپن ہاؤس تقریب میں شرکت کیلئے میڈیا نمائندگان،بزنس اور ٹیکنالوجی ادارے، ریسرچ اینڈ ڈویلیپمنٹ ، انڈسٹری ماہرین اور سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والوں کو مدعو کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :