لاہور ہائیکورٹ ،ٹیچر بھرتی نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب کو نوٹس جاری

منگل 8 مئی 2018 23:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے ٹیچر بھرتی نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب کو نوٹس جاری کردیئے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے لاہور کے علاقے بھگت پورہ کے ندیم حسین کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت کے رو برو درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ایلمنٹری سکول ٹیچر بھرتی کے لیے ٹیسٹ انٹرویو میں کامیابی حاصل کی، لیکن درخواست گزار کو نظر انداز کرکے من پسند افراد کو بھرتی کرلیا گیا، سات ماہ قبل عدالت نے سیکرٹری ایجوکیشن کو معاملہ حل کرنے کا حکم دیا، سیکرٹری ایجوکیشن نے تاحال عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا جو توہین عدالت ہے لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ سیکرٹری ایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش کے خلاف توہین عدالت کی کارروئی کرے ۔