بھارت کا کینگروز کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار، دونوں ٹیموں کے درمیان مجوزہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ اب فلڈ لائٹس کی بجائے دن کی روشنی میں کھیلا جائے گا، کرکٹ آسٹریلیا کی تصدیق

منگل 8 مئی 2018 21:20

میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) بھارت نے رواں برس کے آخر میں آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کر دیا جس کے بعد اب دونوں ٹیموں کے درمیان مجوزہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ فلڈلائٹس کی بجائے دن کی روشنی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ 6 سے 10 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا، آسٹریلوی ٹیم اس سے قبل ایڈیلیڈ پر جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیل چکی ہے اور اسے تینوں میچز میں فتوحات حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو کرکٹ آسٹریلیا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہمیں بی سی سی آئی کی جانب سے لیٹر موصول ہوا ہے جس پر انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم ابھی مجوزہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کیلئے تیار نہیں اسلئے اس میچ کو نائٹ کی بجائے ڈے پر رکھا جائے، ہم نے ان کی تجویز کو قبول کر لیا ہے اور اب یہ ٹیسٹ فلڈ لائٹس کی بجائے دن کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ بھارتی ٹیم رواں سال کے آخر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں پر وہ میزبان ٹیم کے خلاف چار ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔