یورپی ممالک ایرانی جوہری معاہدہ قائم رکھنے کے لیے پرعزم

ہم بقیہ فریقین کے ساتھ کام کرتے رہیں تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ حالات ایسے ہی رہیں،جرمنی،برطانیہ ،فرانس

بدھ 9 مئی 2018 12:00

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) امریکہ کی جانب سے ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے اعلان کے باوجود اس معاہدے میں شامل دیگر مغربی طاقتوں نے کہا ہے کہ وہ اسے قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے کہاہے کہ وہ بقیہ فریقین کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے امریکہ پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اس عمل میں رکاوٹ نہ ڈالے۔اس معاہدے پر دستخط کرنے والے دیگر ممالک میں چین اور روس شامل ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کے اعلان کے بعد برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی حکومتوں کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ہماری حکومتیں پرعزم ہیں کہ یہ معاہدہ برقرار رہے اور ہم بقیہ فریقین کے ساتھ کام کرتے رہیں تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ حالات ایسے ہی رہیں۔