محکمہ زراعت نے ہر فیلڈ اسسٹنٹ کو اپنے اپنے حلقہ میں کپاس و دھان کا ایک ایک ایکڑ کا نمائشی پلاٹ لگوانے کا ہدف دے دیا

بدھ 9 مئی 2018 14:22

فیصل آباد۔9 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) محکمہ زراعت نے ہر فیلڈ اسسٹنٹ کو اپنے اپنے حلقہ میں کپاس و دھان کا ایک ایک ایکڑ کا نمائشی پلاٹ لگوانے کا ہدف دے دیا ہے اور کہاہے کہ مذکورہ فیلڈ اسسٹنٹ فوری طور پر اپنے اپنے علاقوں کے زمینداروں و کاشتکاروں سے رابطہ کریں اور اپنے اپنے حلقوں میں نمائشی پلاٹ لگوانے کی ترغیب دیں تاکہ ان نمائشی پلاٹوں سے اضافی پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹس سے کہاگیاہے کہ وہ لے آئوٹ پلان کے مطابق نمائشی پلاٹ کاشت کروائیں اور وہاں پودوں کی تعداد ، کھادوں کی متناسب استعمال ، جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی ، محکمانہ سفارشات کی روشنی میں آبپاشی کیلئے بھی تمام اقدامات اور وسائل کو بروئے کار لایاجائے ۔ انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کو ترقی دادہ ٹیکنالوجی اپنانے کی ترغیب دے کر نمائشی پلاٹس کو فروغ دیا جاسکتاہے۔ انہوںنے بتایاکہ فیلڈ اسسٹنٹس اپنے اپنے حلقوں کا نمائشی پلاٹس کا تمام ڈیٹا رجسٹر میں تحریر کریں گے تاکہ اعلیٰ افسران کی چیکنگ کے دوران انہیں کسی مشکل کاسامنا نہ کرناپڑے۔