میٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کے لئے تیاریوں کوتیزی سے حتمی شکل دی جا رہی ہے‘ خواجہ احمد حسان

پیکیج ون میں ڈیرہ گجراں سے محمود بوٹی تک چار سٹیشنوں کے علاوہ نکلسن روڈ ، لکشمی چوک سٹیشنوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے ‘چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی

بدھ 9 مئی 2018 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے گزشتہ روز میکلوڈ روڈ پر تعمیر کئے جانے والے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے لکشمی چوک سٹیشن کامعائنہ کیا جو اس وقت تکمیل اور تیاری کے آخری مراحل میں ہے ۔اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ اورنج لائن کے لئے پٹری بچھانے کا70فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔

ٹرین کی آزمائشی سروس کے لئے تیاریوں کوتیزی سے حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔اس مقصد کے لئے پیکیج ون میں ڈیرہ گجراں سے محمود بوٹی تک چار سٹیشنوں کے علاوہ نکلسن روڈ اور لکشمی چوک سٹیشنوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ پیکیج ٹو میں علی ٹائون سے سکیم موڑ سٹیشنوں کی تکمیل کا کام تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے ۔

اسے جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے تمام ممکن وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ میٹروٹرین کے ٹریک کو آرائشی روشنیوں سے سجانے کے لئے پی ایچ اے بین الاقوامی معیار کے مطابق لائٹنگ سسٹم ڈیزائن کر رہا ہے ۔ ٹرین بجلی سے چلانے کے لئے انجینئرنگ یونیورسٹی کے قریب الیکٹرک سب سٹیشن کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جسے جلد ہی آپریشنل کر دیاجائے گا۔

انہوں نے کام کی رفتار اورمعیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طورپرمنصوبے کا 88فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا94فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا 83فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 89فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا91فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔

اس کے علاوہ منصوبے کا70فیصد الیکٹریکل ومکینیکل ورکس بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جی پی او چوک میں بیرل نمبردو کی کھدائی مکمل ہو نے کے بعد اورنج لائن کاایک سے دوسرے سرے تک 27.1کلومیٹرطویل راستہ بنانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ 13.77کلومیٹر طویل پیکیج ون کے 10کلومیٹر حصے پر پٹری بچھا لی گئی ہے جبکہ 13.42کلومیٹرطویل پیکیج ٹو میں سات کلومیٹر طویل حصے پر پٹری بچھائی گئی ہے ۔

پیکیج ون کے سٹیشنوں پر لگائے جانے والے 77میں سے 75 جبکہ پیکیج ٹو کی80میں سے 56 برقی زینے نصب کئے جا چکے ہیں۔ اسی طرح پیکیج ون کے سٹیشنوں پر نصب کی جانے والی 48میںسی45لفٹیںاور پیکیج ٹوکی 52میں سے 37لفٹیں بھی لگائی جا چکی ہیں۔ میٹر وٹرین کے لئے تمام 27ٹرین سیٹ در آمد کر لئے گئے ہیں ۔14ٹرین سیٹ ڈیرہ گجراں میں واقع ڈپو جبکہ 13علی ٹائون میں واقع سٹیبلنگ یارڈ میں پارک کئے گئے ہیں ۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ جی پی او چوک ‘ سپریم کورٹ رجسٹری‘ سینٹ اینڈریوز چرچ ‘ شاہ چراغ بلڈنگ ‘ موج دریا کے مزار اوراس کے احاطے میں واقع مسجد کے علاقے میں اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ مال روڈ سے نابھہ روڈ چوک تک سڑک کی تعمیر مکمل کر کے اسے ٹریفک کے لئے کھول دیاگیا ہے جبکہ جی پی او اور سینٹ اینڈریوز چرچ کی بیرونی دیواروں کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔