2000ایکڑ پر مشتمل شیخ بدین نیشنل پارک مکمل کر لیا گیا ہے،افتخارالزمان

بدھ 9 مئی 2018 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء)پراجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل پارک خیبر پختونخوا افتخار الزمان نے کہا ہے کہ 2000ایکڑ پر مشتمل شیخ بدین نیشنل پارک مکمل کر لیا گیا ہے جس سے علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔انہوں نے یہ بات شیخ بدین نیشنل پارک کے دورے کے موقع پر بتائی۔ اس موقع پر ڈی ایف او وائلڈ لائف سجیل خان بلوچ بھی انکے ہمراہ تھے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ سیکرٹری ماحولیات خیبر پختونخوا سید نظر حسین شاہ کی خصوصی ہدایت کے مطابق تفریح کیلئے آنے والے لوگوں کی سہولت کیلئے ریسٹ ہائوس کی مرمت کر دی گئی ہے جبکہ جلد ہی جدید سہولیات سے آراستہ کمپلیکس پر بھی کام شروع کر دیا جائیگا۔ ڈی ایف او وائلڈ لائف نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو بتایا کہ شیخ بدین نیشنل پارک میں چکور، تیتر، سسی، اوڑیال، سلیمان مارخوراور بھیڑیوں سمیت مختلف پرند و چرند پائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ پارک بنانے کا مقصد ان جانوروں اور پرندوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر افتخار الزمان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ جانوروں اور پرندوں کو قدرتی ماحول فراہم کرنے کیلئے صوبے کے مختلف مقامات پر افزائش نسل کے سنٹرز قائم کر رہی ہے جن میں شیخ بدین بھی شامل ہے۔

انہوں نے اس سلسلے میں حکومتی اقدامات کو کامیاب بنانے کیلئے مقامی لوگوں کا تعاون حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ اور ان کی افزائش نسل کیلئے مقامی لوگوں سے معاہدے کیے گئے ہیںتاکہ مستقبل میں نہ صرف سیر و سیاحت کو فروغ ملے بلکہ اس سے مقامی آبادی کی معاشی اور معاشرتی ترقی بھی یقینی بنائی جا سکے۔