ایران جوہری ہتھیار بناتا ہے تو ہم بھی بنائیں گے ،سعودی وزیرخارجہ

ایران یمن میں حوثی باغیوں کو بیلسٹک میزائل مہیا کررہا ہے،اس کا یہ کردار بالکل ناقابل قبول ہے،گفتگو

جمعرات 10 مئی 2018 12:21

ایران جوہری ہتھیار بناتا ہے تو ہم بھی بنائیں گے ،سعودی وزیرخارجہ
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے واضح کیا ہے کہ اگر ایرن جوہری ہتھیار بناتا ہے تو پھر ان کا ملک بھی اپنے جوہری ہتھیار بنائے گا۔عرب ٹی وی سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ اگر ایران امریکا کے 2015ء کے جوہری سمجھوتے سے نکلنے کے بعد اپنا جوہری ہتھیاروں کا پروگرام دوبارہ شروع کردیتا ہے تو الریاض بھی از خود ایک جوہری بم بنائے گا عادل الجبیر نے کہاکہ یہ میزائل ایرانی ساختہ ہیں اور حوثیوں کو مہیا کیے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس طر ح کا کردار بالکل ناقابل قبول ہے۔ان بیلسٹک میزائلوں سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ایرانیوں کو اس معاملے میں قابل مواخذہ قرار دیا جانا چاہیے۔سعودی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ ہم مناسب طریقے سے اور مناسب وقت پر اس اشتعال انگیزی کا جواب دیں گے۔ فی الوقت ہم ہر قیمت پر ایران کے ساتھ براہ راست فوجی تصادم سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ایران کے اس طرح کے کردار کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔ایران کا یہ عمل تو سیدھا سیدھا اعلان جنگ ہے اور اس کو یہی سمجھا جانا چاہیے۔