کراچی،مشترکہ جلسے کے بعد ایم کیو ایم پی آئی بی اوربہادر آباد پھر الگ

جمعرات 10 مئی 2018 14:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ایک بار پھر پی آئی بی اور بہادر آباد گروپوں میں بٹنے لگی، بہادرآباد گروپ نے فاروق ستار کو اعتماد میں لیے بغیر الیکشن کے لیے پارلیمانی بورڈ بنا دیا، فاروق ستار نے ایک بار پھر ہم خیال اراکین کا اجلاس طلب کرلیا۔ایم کیوایم پاکستان کے دھڑوں میں مشترکہ جلسے کے بعد دوریاں ایک بار پھر بڑھنے لگیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مشترکہ جلسے کے بعد دونوں گروپوں کے رہنمائوں کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔جلسے کے بعد بہادرآباد گروپ کی رابطہ کمیٹی نے الیکشن ٹکٹ دینے کے لیے پارلیمانی بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تو فاروق ستار نے بھی علیحدہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس اپنی رہائش گاہ پر طلب کرلیا۔دووسری جانب ناراض رکن کامران ٹیسوری نے رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ اب رہنما نہیں کارکن ہیں، جس دن فاروق ستار کارکنوں کا اجلاس بلائیں گے اس دن ضرور جائوں گا۔