اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان لاہور نزاکت شکیلہ ڈپٹی کنٹرولر سے کنٹرولر بن گئیں

ترقی پانے پر نزاکت شکیلہ کا خوشی کا اظہار، آئندہ بھی ریڈیو پاکستان لاہور کی خدمت کرتی رہوں گی۔ نزاکت شکیلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 10 مئی 2018 16:39

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 مئی 2018ء) : اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان لاہور نزاکت شکیلہ ڈپٹی کنٹرولر کے عہدے سے ترقی پا کر کنٹرولر بن گئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سےریڈیو پاکستان کے صدر دفتر نے نزاکت شکیلہ کی ترقی کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ترقی پانے پر معروف صداکار اور گلوکاروں سمیت ریڈیو پاکستان کے پروڈیوسرز ، پریزنٹرز نے نزاکت شکیلہ کو مبارکباد پیش کی ۔

انہوں نے نزاکت شکیلہ کو ادارے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ نزاکت شکیلہ نے ریڈیو پاکستان کو 20 جون 1987ء کو جوائن کیا۔انہوں نے اپنی خدمات کا آغاز لاہور ریڈیو پاکستان سے کیا ۔نزاکت شکیلہ پاکستان کے مختلف ریڈیو اسٹیشنز ، جس میں ریڈیو پاکستان لاہور، کوئٹہ ، فیصل آباد شامل ہیں، کے براڈ کاسٹنگ کے تمام شعبہ جات میں اپنے فرائض سر انجام دے چکی ہیں۔

(جاری ہے)

وہ لاہور ریڈیو پاکستان ایف ایم 101 کے سینٹرل پراڈکشن یونٹ اور براڈ کاسٹنگ ہاﺅس میں بھی دل جمعی کے ساتھ اپنا کام سر انجام دے چکی ہیں۔نزاکت شکیلہ کو ریڈیو پاکستان لاہور کی پہلی خاتون اسٹیشن ڈائریکٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ نزاکت شکیلہ ایک محنتی خاتون ہیں جنہوں نے اپنے کام کےذریعے ادارے کی بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔ واضح رہے کہ ریڈیو پاکستان اسلامی جمہوریہ پاکستان کا قومی و سرکاری ادارہ برائے صوتی نشریات و اطلاعات ہے۔

اس ادارے کا انتظام و انصرام پاکستان براڈکاسٹنگ ایکٹ 1972 کے تحت ہے۔ یہ ادارہ اقتصادی، زرعی، سماجی، سیاسی، مذہبی اور ثقافتی شعبوں میں سماجی موضوعات پر مباحثوں، ڈراموں، فیچرز، دستاویزی پروگرام، سامعین کی شرکت والے مذاکروں، عام بات چیت، موسیقی اور خبروں کے پروگراموں کے ذریعے عوامی خدمات کی سرگرمیاں پیش کرنا ہے۔ بنیادی طور پر ریڈیو پاکستان دراصل قیام پاکستان سے پہلے آل انڈیا ریڈیو کے نام سے موجود تھا۔

پاکستان کے قیام کے بعد یہ ادارہ ریڈیو پاکستان کے نام سے پیش کیا جانے لگا۔ آزادی کے بعد ریڈیو پاکستان نے اپنی شناخت پیش کی اور اردو اور بیس علاقائی زبانوں کے رابطے کے ذرائع کے طور پر استعمال سے اور جدید مواصلاتی مہارت کے ذریعے متنوع معلومات کی نشر و اشاعت، پاکستانی قومیت، اس کے نظام اور ثقافت کے احترام کے جذبات کو فروغ دینے کے قابل ہوا۔ اس وقت ریڈیو پاکستان سے 23 زبانوں میں پروگرام نشر کیے جاتے ہیں ۔