معذور افراد کو ٹرانسپورٹ کے کرایہ میں 50فیصد رعایت دلائی جائے گی،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 10 مئی 2018 22:37

ڈی جی خان۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) ضلع ڈیرہ غازیخان کے معذور افراد کو ٹرانسپورٹ کے کرایہ میں 50فیصد رعایت دلائی جائے گی جس کیلئے خصوصی کارڈ جاری کیے جائیں گے ،اس بات کافیصلہ ڈپٹی کمشنر محمد ابراہیم جنید کی زیر صدارت اجلاس میں کیاگیا ․ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے ذریعے معذور افراد کو خصوصی رعایتی سفری کارڈ جاری کیے جائیں گے جس کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میاں محمد اقبال مظہر مہار کو فوکل پرسن مقرر کردیاگیاہے ․ انہوںنے کہاکہ معذور افراد کو کاروبار کیلئے اخوت فاونڈیشن کے ذریعے بلاسود قرضے بھی دیئے جائیں گے ․ اہم نجی و صنعتی اداروں میں تین فیصد کوٹہ کے تحت معذور افراد کو ملازمت دلائی جائے گی اور سرکاری ملازمت میںبھرتی پر عائد پابندی ختم ہونے پر تین فیصد کوٹہ پرعملدرآمدکرایا جائیگا․ انہوںنے کہاکہ خصوصی افراد کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کیلئے ماہ صیام کے بعد سپورٹس گالا منعقدکرایا جائے گا ․ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ذکاء الدین ، ضلعی آفیسر بہبود آبادی ہما مہدی لغاری ، ڈائریکٹر ضلعی ادارہ ترقی صحت ڈاکٹر محمد ریاض ملک ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملک غلام مرتضی ، میڈیکل سوشل آفیسر محمد رضوان جمیل ، ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر گل حسن ، ڈسٹرکٹ سپورٹس منیجر زاہدہ نواز ، ہیڈمسٹریس شاہینہ عباس کے علاوہ محمد شوکت ، اعجاز احمد ، سیف اللہ ، نوید عباس ، محمد اعجاز ، عقیل عبا س اوردیگر موجود تھے ۔