سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں انتخابی نشانات الاٹ کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کا اہلیت کی بنیادی شرائط کا اجراء

جمعہ 11 مئی 2018 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں انتخابی نشانات الاٹ کرنے کے لئے اہلیت کی بنیادی شرائط کا اجراء کردیا ہے، سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کو عمومی نشستوں پر 5 فیصد ٹکٹ خواتین کو دینے کا حلف نامہ جمع کرانا پڑے گا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی ہے کہ وہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں پانچ فیصد عمومی نشستو ں پر ٹکٹ خواتین کو دینے کا حلف نامہ جمع نہیں کرائیں گی تو انہیں انتخابی نشان الاٹ نہیں کیا جائے گا۔

قواعد کے مطابق ایک سیاسی جماعت کو الیکشن کمیشن کے پاس باضابطہ طورپر انتخابی نشان مختص کرنے کے لئے درخواست جمع کرانا لازمی ہو گی جس میں وہ اپنی پسند کے انتخابی نشان کے حصول کے لئے درخواست کرسکتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ عام انتخابات کے لئے انتخابی نشانات کے لئے اپنی درخواستیں الیکشن کمیشن کو ارسال کردیں۔ صرف ایسی جماعتوں کو ہی انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے جو پولیٹیکل آرڈر 2017 کی دفعات 206، 209، 210، 215 اور 216 پر پورا اترے گی۔