انسداد منشیات کے حوالے سے خصوصی مہم کے دوران 386افراد گرفتار کرلئے گئے ،کوہاٹ پولیس

جمعہ 11 مئی 2018 19:22

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) کوہاٹ میں انسداد منشیات کے حوالے سے خصوصی مہم کے دوران 386افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔گرفتار افراد میں درجنوں منشیات فروش اورنشہ آور اشیاء کی نقل وحمل میں ملوث سمگلر نیٹ ورک کے متعدد ارکان شامل ہیں ۔ضلع بھر میں ایک ہفتے سے جاری انسداد منشیات کی خصوصی مہم میں پولیس نے کروڑوں مالیت کی منشیات برآمد کرکے قبضے میں لئے ہیں۔

منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بھر پور کریک ڈائون میں خفیہ اداروں کی مدد بھی حاصل کی جارہی ہے۔کاروائیوں میں زیر حراست افراد کے خلاف بڑی تعداد میں مقدمات درج کرکے جیل بھیجا جاچکا ہے۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے منشیات کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے ضلع بھر میں انسداد منشیات کے حوالے سے خصوصی مہم کا آغاز کرتے ہوئے پولیس کو مئوثر اور نتیجہ خیزکریک ڈائون کا حکم دیا ہے اور اس سلسلے میں خفیہ اداروں کیساتھ مشترکہ حکمت عملی طے کرتے ہوئے کسی بھی طرح سے منشیات کی نقل وحمل میں ملوث افراد کوتلاش کرنے میں مدد حاصل کرلی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انسداد منشیات کے حوالے سے جاری خصوصی مہم کے دوران مختلف تھانوں کی پولیس نے ایک ہفتے کے دوران 386افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر 187کلو گرام چرس،20کلو گرام ہیروئن،5کلو گرام افیون اور 60بوتل شراب برآمد کرکے قبضے میں لئے ہیں۔منشیات کے خلاف جاری اس مہم میں پولیس نے حساس اداروں کی نشاندہی پر منشیات فروشی کے اڈوں اور دیگرٹارگٹڈ مقامات پر چھاپہ مار کاروائیوں کا انعقاد کرتے ہوئے شہر کے تمام شاہراہوں پر ناکہ بندیوں کا سلسلہ مزید متحرک کردیا ہے جس میں منشیات فروش اور نشہ آور اشیاء کی نقل و حمل میں ملوث نیٹ ورک کے متعدد ارکان بھی پکڑے جاچکے ہیں جنکے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے منشیات کے ناسور کے خلاف آگاہی مہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے جس سے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ معاشرے کا ہر فرد اپنے ارد گرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھتے ہوئے منشیات کے حوالے سے کسی بھی ایسی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر مقامی پولیس کو دیں تاکہ مستقبل کے معمار ملک کے نوجوان نسل کو منشیات کے اس ناسور سے محفوظ کرکے پولیس عوام کے دوطرفہ تعاون کی بدولت انسداد منشیات کے حوالے سے جاری مہم کو کامیاب بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :