عالم اسلام کودہشت گردی اور انتہاپسندی سے نجات دلانے کیلئے مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا، حافظ محمد طیب قاسمی

جمعہ 11 مئی 2018 20:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2018ء) عالم اسلام کودہشت گردی اور انتہاپسندی سے نجات دلانے کیلئے مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا ۔ دہشت گرد اور انتہاپسند قوتیں متحد ہوکر مسلم ممالک کو کمزور کرنے کیلئے سازشیں کررہی ہیں۔ استعماری قوتیں عالم اسلام کے مسائل کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔امت مسلمہ کے مسائل کا حل اتحاد میں ہے۔

حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کو نشانہ بنانے کا مقصد حرمین الشریفین کے امن کو تباہ کرنا ہے۔ علماء منبر و محراب سے اسلام کی حقیقی تعلیمات کو عا کریں۔ مرکزی علماء کونسل مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔ یہ بات مرکزی علماء کونسل کے سیکرٹری اطلاعات حافظ محمد طیب قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی نظریں پاکستان اور سعودی عرب پر لگی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

شام،عراق،فلسطین ،کشمیر کے مظلوم مسلمان امید بھری نظروں سے پاکستان اور سعودی عرب کی طرف دیکھ رہے ہیں۔اسلامی ممالک کو امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے متحد ہونا ہوگا۔دنیا بھر کے مسلمان عالم کفر کے ظلم و بربریت کا شکار ہیں۔ شام ،عراق،کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے حل کیلئے عالمی اسلامی عسکری اتحاد کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہئیں۔

مسلم ممالک میں بیرونی مداخلتیں ختم کئے بغیر امن اور استحکام پیدا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حرمین الشریفین مسلمانوں کی وحدت کے مراکز ہیں۔ اسلام دشمن قوتیں متحد ہوکر مسلمانوں کے مقدسات پر حملہ آور ہونا چاہتی ہیں۔ اسلام امن ،سلامتی اور اتحاد کا درس دیتا ہے۔ اسلام بد امنی اور انتشار پھیلانے کی ہر گز اجازت نہیں دیتا۔ انتہاپسندی اور دہشت گردی کی آڑ میں اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا آفاقی پیغام ہی عالم اسلام کی مضبوط بنیاد ہے۔