راولپنڈی میں مگس بانی کا تربیتی کورس پرسوں شروع ہو گا

کاشتکار شہد کی مکھیاں پال کر آمدن کے ساتھ ساتھ فصلوں کی پیداوار میںبھی اضافہ کر سکتے ہیں

ہفتہ 12 مئی 2018 15:07

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) شہد کی مکھیاں پالنے کا 05 روزہ تربیتی کورس پرسوں 14 مئی سے شروع ہو گا ۔ شعبہ مگس بانی و حشرات ِاثمار راولپنڈی کے مطابق کورس18مئی تک جاری رہے گا۔ شعبہ مگس بانی راولپنڈی کے انٹامالوجسٹ آ صف رزاق نے بتایاکہ مگس بانی کی صنعت کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے اور اس پیشے سے منسلک افراد کی پپیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کورس کا انعقاد کیا جا رہاہے ۔

انہوںنے کہا کہ کسان اور کم آمدنی والے افراد مگس بانی کا پیشہ اختیار کر کے اپنے معاشی حالات بہتر کر سکتے ہیں جبکہ شہد کی مکھیوں کے عمل زیرگی کی بدولت فصلات کی نشوونماء پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔انہوںنے مزید بتایاکہ مگس بانی کے تربیتی کورس میں شرکت کے لئے تعلیم و عمر کی کوئی قید نہیں ہے۔

(جاری ہے)

کورس میں شرکت کرنے کے خواہش مند خواتین و حضرات شعبہ مگس بانی و حشرات اثمار کے راولپنڈی دفترسے رابطہ کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب میں شہد کی مکھیوں کی افزائش کے لیے آسٹریلوی نسل کی شہد کی مکھیاں در آمد کی گئی ہیں اور شعبہ مگس بانی راولپنڈی میں ان کی افزائش کا عمل تیزی سے جا ری ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ۔شعبہ مگس بانی راولپنڈی کے انچارج اینٹامالوجسٹ آصف رزاق نے اے پی پی کو بتایاکہ محکمہ زراعت پنجاب نے تجارتی بنیادوں پر شہد کی مکھیوں کی افزائش کے لیے آسٹریلوی نسل کی مکھیوں کی افزائش کا عمل شروع کیا تھا جس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ آسٹریلیا سے در آمدہ شہد کی مکھیوں کے لیے راولپنڈی کا موسم انتہائی سازگار ثابت ہوا ہے اور آسٹریلیا سے منگوائے گئے ملکہ مکھیوں کے ایک فلاک سے متعدد نئے فلاک کی افزائش کی جا چکی ہے جو کہ مثبت پیش رفت ہے ۔اینٹامالوجسٹ آصف رزاق نے توقع ظاہر کی آئندہ دو برس تک کے عرصہ میں شعبہ مگس بانی راولپنڈی پنجاب بھر میں کاشتکاروں کو ان مکھیوں کی تجارتی بنیادوں پر فراہمی شروع کر دے گا ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار دیگر نقد آور فصلات کی کاشت کے ساتھ ساتھ شہد کی مکھیاں پال کر نہ صرف اپنی آمدن میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ شہد کی مکھیوں کے عمل زیرگی کی بدولت فصلات کی پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :