شوکت حسین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین مقرر ، وزارت خزانہ نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا

ہفتہ 12 مئی 2018 17:47

شوکت حسین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین مقرر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) وفاقی حکومت نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے کمشنر، شوکت حسین کو ادارے کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد شوکت حسین نے ایس ای سی پی کے چیئرمین کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ شوکت حسین انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکائونٹنٹس آف پاکستان کے فیلو ممبر ہیں اور اکاوئنٹس، مینجمنٹ اور فنانشل شعبہ میں 32 سال کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے انہیں 27 مارچ کو ایس ای سی پی میں کمشنر تعینات کیا گیا تھا۔ کمشنر تعیناتی سے پہلے وہ ایس ای سی پی میں ہی رجسٹرار آف کمپنیز اور کارپوریٹ کمپلائنس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

وہ ستمبر 2000ء میں ایس ای سی پی میں بطور جائنٹ رجسٹرار تعینات ہوئے تھے۔ ایس ای سی پی میں اپنے 18 سالہ کیریئر میں انہوں نے اسلام آباد، کراچی اور پشاور کے کمپنی رجسٹریشن دفاتر کے انچارج کے طور پر کام کیا۔

علاوہ ازیں بطور ڈائریکٹر، سکیورٹیز مارکیٹ ڈویژن میں بھی کام کرتے رہے۔ انہیں ایس ای سی پی کے زیر انتظام قوانین پر بھی مکمل گرفت ہے جبکہ وہ ایس ای سی پی کے دائرہ کار، طریقہ کار اور مقاصد سے بھی مکمل آگہی رکھتے ہیں۔ ایس ای سی پی میں ملازمت سے پہلے وہ اکاونٹنسی فرم،پبلک اورنجی شعبے میں کے ما لیاتی اداروں اور لسٹڈ کمپنیوں میں کام کرتے رہے۔

ایس ای سی میں میں بطور رجسٹرار آف کمپنیز انہوں نے نئی رجسٹریشن کو آسان بنانے اور رجسٹریشن کے بعد کے مراحل میں سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے کافی کام کیا۔ کمپنیوں کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کو آسان بنایا گیا، ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تمام مراحل کو آن لائن کر دیا گیا جبکہ کمپنیوں کی کاسٹ آف بزنس میں بھی نمایاں کمی کی گئی۔ ان اصلاحات کے نتیجہ میں ان کے دور میں کمپنیوں میں رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ ہوا۔