سی ڈی اے فوری طور پر جی ٹین مرکز میں سڑکوں کی کارپٹنگ کرے ،ْ شیخ عامر وحید

جی ٹین مرکز میں پچھلے چھ سات سال سے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے ،ْ سید کامران کاکاخیل

ہفتہ 12 مئی 2018 18:15

سی ڈی اے فوری طور پر جی ٹین مرکز میں سڑکوں کی کارپٹنگ کرے ،ْ شیخ عامر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ٹین مرکز کے ایک وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر سید کامران کاکاخیل کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور اپنی مارکیٹ کے مسائل سے چیمبر کے عہدیداران کو آگاہ کیا۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سردار عابد یوسف سمیت دیگر عہدیداران و تاجر شامل تھے۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے سی ڈی اے سے پرزورمطالبہ کیا کہ وہ جی ٹین مرکز میں فوری طور پر سڑکوں کی کارپٹنگ کا کام شروع کرے کیونکہ کارپٹنگ نہ ہونے کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور تاجروں کو مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کی عدم توجہ کی وجہ سے جی ٹین مرکز سمیت اسلام آباد کے دیگر تجارتی مراکز اور مارکیٹوں میں کئی سالوں سے ترقیاتی کام نہیں ہوئے جس وجہ سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینا مشکل ہو رہا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے جی ٹین مرکز کے اہم مسائل جلد حل کرے اور اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں کی بہتر ترقی کیلئے کام کرے تا کہ تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے قوانین میں بھی فوری تبدیلی کی ضرورت ہے کیونکہ موجودہ قوانین تجارتی مراکز اور شہر کی ترقی کی راہ میں اہم رکاوٹ ہیں۔ انہوںنے وفد کو بتایا کہ چیمبر سی ڈی اے سے متعلقہ تاجر برادری کے مسائل کے بہتر حل کیلئے تمام مارکیٹ تنظیموںکی مشاورت سے ایک نئی حکمت عملی بنانے پر غور کر رہا ہے تا کہ مسائل جلد حل ہوں۔ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ٹین مرکز کے صدر سید کامران کاکاخیل اور جنرل سیکرٹری سردار عابد یوسف نے اپنے خطاب میں جی ٹین مرکز کے تاجروں کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ جی ٹین مرکز میں کارپٹنگ نہ ہونے کی وجہ سے سڑکوں کی حالت بہت خراب ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے فوری طور پر مارکیٹ میں کارپٹنگ کا کام شروع کرے۔ انہوںنے کہا کہ سی ڈی اے نے جی ٹین مرکز میں ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز بھی منظور کئے ہوئے ہیں لیکن ابھی تک ان کو استعمال میں نہیں لایا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں گذشتہ کئی برس سے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا جس وجہ سے فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سٹریٹ لائٹس خراب ہیں، صفائی کا نظام غیر تسلی بخش ہے اور فلٹریشن پلانٹ کا وعدہ بھی ابھی تک پورا نہیں ہوا۔

انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے منظور شدہ فنڈز کو استعمال میں لاتے ہوئے جی ٹین مرکز میں فوری طور پر ترقیاتی کام شروع کرے اور مارکیٹ کے مسائل کو جلد حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے تا کہ تاجر بردری سازگار ماحول میں کاروباری سرگرمیوں کو فرو غ دے سکے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نثار مرزا، خالد چوہدری ، احسان ظفر بختاوری، محمد حسین، راجہ عبدالمجید، دلدار عباسی، شیخ اویس، سید عادل انیس، اشفاق حسین چھٹہ اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ جی ٹین مرکز سمیت وفاقی دارالخلافہ کی تمام مارکیٹوں کے مسائل کو جلد حل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔

متعلقہ عنوان :