اسرائیلی قبضے کے 70سال ، فلسطینیوںکے احتجاجی مظاہرے،صیہونی فوج کی فائرنگ سے 2فلسطینی شہید،460زخمی،

فلسطینی عوام کی15مئی کو وسیع پیمانے پر احتجاج کی تیاری

ہفتہ 12 مئی 2018 22:49

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 مئی2018ء) اسرائیلی قبضے کے 70سال پورے ہونے پر فلسطینیوں نے احتجاجی مظاہرے کئے، فلسطینی عوام 15مئی کو وسیع پیمانے پر سرحدی باڑ کے ساتھ احتجاج کرے گی،احتجاجی مظاہرے پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے دو فلسطینی شہریوں کو شہید اور سینکڑوں افراد کو زخمی کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابقفلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی قبضے اور مقامی افراد کو بے دخل کرنے کے 70 سال پورے ہونے کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور 15 مئی کو وسیع پیمانے پرسرحدی باڑ کیساتھ احتجاج کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

فلسطینیوں کی جانب سے مظاہروں کا سلسلہ 7ویں ہفتے میں داخل ہوچکا ہے، احتجاجی مظاہرے کے دوران قابض اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

شہید ہونے والے فلسطینی کی شناخت خان یونس کے نام سے ہوئی ،، فلسطینیوں کے مظاہرے کے دوران اب تک اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے پچاس سے زائد فلسطینی شہید اور دو سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ مظاہروں کی شدت میں مزید اضافہ ہورہا ہے، غزہ پٹی میں دو تہائی سے زائد فلسطینی مہاجرین موجود ہیں، جو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں واپس لوٹنے کے حق کا مطالبہ کر رہے ہیں۔