نرمل سنگھ جیسے طاقتور شخص کو بھارتی فوج ہراساں کرے تو عام لوگوں کا کیاحال ہوگا

اتوار 13 مئی 2018 13:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں نام نہاداسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے کہاہے کہ اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ کا بھارتی فوج کی طرف سے ہراساں کئے جانے کا انکشاف چشم کشا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انجینئر رشید نے کپواڑہ میں عوام وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو سمجھ لینا چاہیے کہ جب سنگھ پریوار کے ڈاکٹر نرمل سنگھ جیسے طاقتور شخص کو بھارتی فوج ہراساں کر رہی ہو تو جموں وکشمیر کے عام لوگوں کا کیاحال ہوگا انہوں نے کہاکہ جب عام کشمیری بھارتی فوج کی طرف سے ہراساں کئے جانے اور مظالم ڈھانے کی شکایت کرتے ہیں تو انہیں ملک دشمن اور پاکستانی ایجنٹ قراردیا جاتا ہے لیکن اب جبکہ اسمبلی کے اسپیکرنے،جو چند دن پہلے تک ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ تھے،کہاکہ بھارت فوج انہیں ہراساں کررہی ہے توکٹھ پتلی حکومت اوربھارتی فوج کو کسی تاخیر کے بغیر حقائق کو سامنے لانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر ڈاکٹر نرمل سنگھ کو یاد دلانا چاہیں گے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کوہراساں کرنا،انکی تذلیل کرنا اور انکی جائیدادوں پر غیر قانونی طورپر قبضہ کرنا ایک معمول بن چکا ہے اور متاثرین کو منہ کھولنے تک کی اجازت نہیں ہے۔انجینئر رشید نے کہا کہ ڈاکٹر نرمل سنگھ کو آگے آکر نہ صرف اپنے لئے بلکہ اپنے جیسے ان تمام مظلوم لوگوں کے لئے آواز اٹھانی چاہیے جو بھارتی فورسزکے مظالم کا شکارہیں۔