ڈنگ ٹپائو پالیسی نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا:خواجہ حبیب الرحمان

اتوار 13 مئی 2018 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2018ء) ایران پاک فیڈریشن آ ف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ ڈنگ ٹپائو اقتصادی پالیسی اوربیرونی قرضوں کی واپسی میں توازن کے فقدان نے معیشت کا بیڑہ غرق اور عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پانچ سالہ منصوبوں کے نام پر غیر حقیقی اعداد و شمار، ادائیگیوں میں توازن کا مسئلہ، بدانتظامی، سرکاری اور غیر سرکاری شعبوں میں بے قابو کرپشن کے باعث ملکی وغیر ملکی قرضوں کا حجم روز بروز بڑھ رہا ہے جبکہ تجارتی خسارہ30 ارب ڈالر ہو گیا ہے،اقتصادی آتش فشاں کو پھٹنے سے روکنے کیلئے حکومت کوازسر نو پالیسی مرتب کر نا ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں آئے روز اضافہ ملکی معیشت کیلئے خطرہ کی گھنٹی ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ڈالر کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے سخت ترین اقدامات کرے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی سے صنعتی پیداوار متاثر ہو رہی ہے کیونکہ روپے کی بے قدری کے باعث درآمدی خام مال کی قیمت بڑھ چکی ہے جس کی وجہ سے ملک کے اندر تیارہونے والے مصنوعات کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے اور ملک میں مہنگائی کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ پیکیج میں توسیع نہ کی گئی تو حکومت کو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑ سکتا ہے، اس لیے برآمدات میں اضافے کا رجحان برقرار رکھنے کیلئے ایکسپورٹ پیکیج میں توسیع نا گزیر ہے، ایکسپورٹ بڑھنے سے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھے جاسکتے ہیں اور اس طرح آئی ایم ایف کے پاس بھی نہیں جانا پڑے گا۔ خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ ہمیں اقتصادی سرحدوں کی حفاظت کا کام جنگی بنیادوں پر کرنا ہو گا اگر معیشت مضبوط ہو گی تو پھر ہی جدید ٹیکنالوجی حاصل کر کے جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی جا سکتی ہی