دوسروں کی جانوں کے تحفظ کیلئے ایک دوسرے کو اوور ٹیک کرنے کی ہرگز کوشش نہ کریں ۔سی ٹی او کا ٹریفک قوانین کی آگاہی پر منعقدہ سیمینار پر خطاب

اتوار 13 مئی 2018 21:40

گوجرانوالہ۔13 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) چیف ٹریفک آفیسر غلام عباس تارڑ نے محنت کشوں اورتاجروں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو لازم بنائیں، اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کیلئے ایک دوسرے کو اوور ٹیک کرنے کی ہرگز کوشش نہ کریں بلکہ ٹریفک کی قطار کو فالو کرتے ہوئے مناسب سپیڈ پر اپنی گاڑیاں منزل کی طرف رواں دواں کریں۔

نیز موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ اور گاڑی چلاتے وقت سیٹ بیلٹ کے استعمال کو ہرگز نہ بھولیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریفک قوانین کی آگاہی پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا، جبکہ اس موقع پر خلیق منہاس، خالد منہاس، محمد احمد، جبران علی جبکہ ٹریفک ایجوکیشن ونگ کے انچارج عدیل بٹ ، جمشید الحق، رانا فرخ، علی احمد لون، عثمان بشیر، شیخ عمر اعجاز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

غلام عباس تارڑ نے کہاکہ بے ہنگم ٹریفک اور بلا جواز رش کو ختم کرنے کیلئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور مہلک بیماریوں سے بچنے کیلئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے استعما ل سے بھی پرہیز کرنا ہوگی۔ کیونکہ بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی سے کئی بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔جن پر ٹریفک قوانین پرعملدر آمد کرتے ہوئے باآسانی قابو پایا جاسکتا ہے۔

سی ٹی او نے اس موقع پر محنت کشوں میں شعور کی بیداری کیلئے باقاعدہ ہیلمٹ تقسیم کیے اور سیمینار کے منتظمین کو تعریفی سرٹیفکیٹ جاری کیے۔ قبل ازیں سیمینار کے صدر خلیق منہاس نے چیف ٹریفک آفیسر کو خوش آمدید کہتے ہوئے یقین دلایا کہ انشاء اللہ ٹریفک قوانین کو ہر صورت فالو کیا جائے گا اور ان کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع کو بچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے سی ٹی او غلام عباس تارڑ کو یادگاری سوینئر بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :