پیپلزپارٹی حکومت نے ہمیشہ محنت کشوں کے مفادات کا تحفظ کیا ہے،سید ناصرحسین شاہ

Deseasedکوٹہ پر جلد عمل ہوگا، جو ملازمین مستقل ہونے سے رہ گئے ہیں انہیں بھی جلد مستقل کردیا جائے گا،صوبائی وزیر کا تقریب سے خطاب

پیر 14 مئی 2018 21:17

پیپلزپارٹی حکومت نے ہمیشہ محنت کشوں کے مفادات کا تحفظ کیا ہے،سید ناصرحسین ..
ْکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2018ء) صوبائی وزیرمحنت، اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سید ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ محنت کشوں کے مفادات کا تحفظ کیا ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ پیپلزپارٹی واحدسیاسی جماعت ہے جہاں لسانیت اور عصبیت کا عنصر نہیں پایاجاتا اس کیلئے سارے عوام ایک جیسے ہیں اور وہ عوام کے لئے کام کرتی ہے۔

انہوں نے یہ بات پیر کو سوشل سیکورٹی ہیڈآفس میں ملازمین کی اجتماعی سودا کار یونین پیپلزاسٹاف یونین کی تقریب حلف برداری، سیسی ہیڈآفس کی تزئین و آرائش اور سیسی ہیڈآفس میں نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے پیپلزلیبربیورو سندھ کے کوآرڈینیٹر حبیب الدین جنیدی، پیپلزاسٹاف یونین (سی بی ای) کے صدرملک نوید احمد، سوشل سیکورٹی آفیسرزویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر بلنداقبال اور دیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرمحنت ناصرحسین شاہ نے سی بی اے کے نومنتخب عہدیداروں اور ملازمین کو یقین دلایا کہ Deseasedکوٹہ پر جلد عمل ہوگا، جو ملازمین زائد عمر یا کسی اور وجہ سے مستقل ہونے سے رہ گئے ہیں انہیں بھی جلد مستقل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ملازمین کے سروس اسٹرکچر کو بہتر بنایا جارہاہے اور انکی رہائش کیلئے گلستان جوہر میں واقع سیسی کے پلاٹ پر فلیٹس تعمیر کرکے الاٹ کئے جائیںگے جبکہ پیرامیڈیکل اسٹاف کی سینارٹی لسٹ تیار کی جارہی ہے۔

صوبائی وزیرمحنت نے سیسی کے ویسٹ وہارف ڈائریکٹوریٹ کو جلد بحال کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ سوشل سیکورٹی میں محنت کشوں اور ان کے لواحقین کیلئے طبی سہولتوں کو نہ صرف بہتر بنایاجارہاہے بلکہ لوکل پرچیز کے نام پر جولوٹ مار کا بازار گرم ہے اس کا جلد قلع قمع کردیاجائے گا اور محنت کشوں کو معیاری ادویہ کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایاجائے گا۔

پیپلزلیبربیوروسندھ کے کوآرڈینیٹرحبیب الدین جنیدی نے کہاکہ سندھ پہلا صوبہ ہے جس نے 1972ء میں شہیدذوالفقار علی بھٹو کے بعد محنت کشوں کیلئے کے بعد پہلی لیبرپالیسی دی اس لیبرپالیسی میں محنت کشوں اور آجران کا 40, 40 فیصد کوٹہ جبکہ حکومت کا 20فیصد کوٹہ رکھا ہے۔ انہوں نے سیسی کی نومنتخب سی بی اے سے کہاکہ وہ ملازمین کے ساتھ ساتھ تمام محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں۔

انہوں نے ناصرحسین شاہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے سعیدغنی کے کام کو جس تیزی سے آگے بڑھایا ہے اس کی مثال نہیں ملتی اور آئندہ انتخابات کے بعد اگر پیپلزپارٹی کی حکومت آئی تو تمام پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد کیاجائیگا۔ تقریب میں صوبائی وزیرناصرحسین شاہ کو ’’اعتراف محنت کش دوست‘‘ شیلڈپیش کی گئی۔قبل ازیں صوبائی وزیرمحنت و اطلاعات ناصرحسین شاہ نے سیسی ہیڈآفس میں نو تعمیر عمارت سہولت مرکز کی تختی کی نقاب کشائی کی اور سیسی ہیڈآفس کی تزئین و آرائش مکمل ہونے پر ربن کاٹ کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری لیبر رشید سولنگی، کمشنرسیسی ڈاکٹرنسیم الغنی سہتو، وائس کمشنر شاہ محمدشاہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔#

متعلقہ عنوان :