سٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈ کپ 2018ئ:پاکستان نے فائنل مقابلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، سیمی فائنل میں انڈونیشیا کو 5-4 گولز سے شکست دی

پیر 14 مئی 2018 22:02

سٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈ کپ 2018ئ:پاکستان نے فائنل مقابلے کے لیے کوالیفائی ..
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2018ء) سٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈ کپ 2018ئ میں پاکستان نے فائنل مقابلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔۔روس کے دارلحکومت ماسکو میں ہونے والے سٹریٹ چلڈرن ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے انڈونیشیا کو شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیاہے۔ اس سے قبل ننھے شاہینوں نے گزشتہ روز کھیلنے گئے کوارٹر فائنل میں تاجکستان کو 0 کے مقابلے میں 2 گولز سے شکست دے کر دوسری مرتبہ سٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل کھیلنے اعزاز حاصل کیا تھا ، کوارٹر فائنل سے قبل گرین شرٹس کا ازبکستان کے خلاف مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا جب کے ایک اور میچ میں پاکستانی ٹیم نے میزبان روس کی ٹیم کو 1کے مقابلے میں 3گولز سکور کرکے شکست دے کر کوارٹرفائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈ کپ کا انعقاد 2010ئ سے کیا جارہا ہے جو فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والے ملک میں میگا ایونٹ سے پہلے کھیلا جاتا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں سٹریٹ چلڈرن کی حفاظت اور حقوق سے متعلق آگاہی پھیلانا ہے۔ واضح رہے کہ 2014ئ میں برازیل میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ سے پہلے منعقدہ سٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈ کپ میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ 2010 ئ میں ہونے والے سٹریٹ چلڈرن ورلڈ کپ میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔۔ماسکو میں جاری سٹریٹ چلڈرن ورلڈ کپ میں 20 ٹیموں کے 200 کھلاڑی اپنے پسندیدہ ترین کھیل سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔سٹریٹ چلڈرن ورلڈ کپ2018ئ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پاکستانی ٹیم کی تیاری میں مسلم ہینڈز نامی ایک آرگنائزیشن کا بہت بڑا ہاتھ ہے جو معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو بہتر طرز زندگی تک رسائی دلانے کے لیے کام کرتی ہے۔مسلم ہینڈ 2014ئ سے سٹریٹ فٹ بالرز کے ساتھ کام کررہی ہے۔ ۔