ڈیرہ ، پرانی سبزی منڈی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ ، پولیس اہلکار سمیت 2افراد جاں بحق ، ملزمان فرار ،

شہید پولیس کانسٹیبل کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی،آر پی او محمد کریم ،اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر محمد عاطف سمیت اہم شخصیات کی شرکت

پیر 14 مئی 2018 22:06

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) تھا نہ کینٹ کی حدود میں پرانی سبزی منڈی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے ،شہید پولیس کانسٹیبل کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود میں پرانی سبزی منڈی کے قریب پولیس کانسٹیبل محمد ارشد سکنہ محلہ گاڑیبان ڈیوٹی ختم کر کے گھر کیلئے سبزی منڈی کے قریب سبزی خرید رہا تھا کہ اس دوران نامعلوم ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر شہید ہوگیا جبکہ ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آکر سبزی فروش اعجاز ولد غلام رسول کہاوڑ سکنہ عمر ٹائون بھی جاں بحق ہوگیا ملزمان فائرنگ کے واقعے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جاں بحق محمد ارشد تھانہ سٹی میں وائرلیس آپریٹر تھا اسکا ایک سات سالہ بیٹا معذور ہے جبکہ دو چھوٹی بیٹیاں ہیں شہید محمد ارشد کا نمازجنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی جس میں ریجنل پولیس آفیسر محمد کریم خان ،اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر محمد عاطف منشاء ،ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ سمیت پولیس افسران و اہلکاران نے شرکت کی بعد میں مرحوم کو سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔