پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی پہلی نومنتخب باڈی نے حلف اٹھا لیا

سینیٹ میں فاٹا ارکان کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر اورنگزیب اورکزئی نے پی جے اے کے پہلے منتخب صد ر طاہر خان اور دیگر عہدیداران سے حلف لیا

منگل 15 مئی 2018 21:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن (پی جے اے )کی پہلی نومنتخب باڈی نے حلف اٹھا لیا،حلف برداری کی تقریب نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہوئی ، سینیٹ میں فاٹا ارکان کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر اورنگزیب اورکزئی نے پی جے اے کے پہلے منتخب صد ر طاہر خان اور دیگر منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔

تقریب میں سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر اور بشری گوہر نے بھی شرکت کی۔سینیٹر اورنگزیب اورکزئی نے اسموقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ "پی جے ای" پاکستان کے قانون اور آئین کے تحت پشتون صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ ہماری زمہ داری ہے کہ اپنے ملک اور قوم کے لئے موثر آواز اٹھائیں۔ بشری گوہر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے مرکزی میڈیا میں پشتونوں خصوصاً فاٹا کے مسائل پر موثر بات نہیں ہوتی۔

(جاری ہے)

بدقسمتی سے میڈیا میں سنسر شپ پالیسی پر عمل ہو رہا ہے۔ پشتون صحافیوں کو سنسر شپ کا حصہ بننے کی بجائے پشتون قوم کے مسائل بھی اجاگر کرنے ہونگے۔ تقریب سے خطاب میں سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ پشتون صحافی پختونوں کی زبان، ثقافت کی حفاظت کے لئے کردار ادا کریں گے۔ پشتون قوم اس وقت کئی مسائل کا شکار ہے۔ پشتون صحافی اپنا قلم اور مائیک فاٹا کے مظلوم صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کریں ۔

فرحت اللہ بابر نے کہا ’’پی جے اے‘‘کے ساتھ ہر فورم پر مکمل تعاون کریں گے۔ پشتون صحافیوں نے جو حلف اٹھایا ہے امید ہے اس پر مکمل عمل درآمد بھی کریں گے۔ "صدر "پی جے ای" طاہر خان نے اسموقع پر کہا کہ پی جے اے " تمام پشتون صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ہے۔ صحافت میں سیاست پر یقین نہیں رکھتے ۔تمام سیاسی وابستگیاں سے بالاتر ہو کر راولپنڈی اسلام آباد کے پشتون صحافیوں کی فلاح و بہبود پہلا اور اہم مقصد ہے۔ صحافت پر پابندیاں نہیں بات نہیں، میڈیا مالکان کو جرات کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔