اسلامیہ کالج پشاور میں منشیات کے تدارک کے حوالے سے سیمینار اور آگاہی واک

منگل 15 مئی 2018 22:04

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) اسلامیہ کالج پشاور میں منشیات کے تدارک کے حوالے سے سیمینار اور اگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔سیمینار کا بنیادی مقصد منشیات کی منفی اور تباہ کن اثرات سے نوجوان نسل کو بچانا تھا۔ڈائریکٹریٹ جنرل اینٹی نارکوٹیکس فورس خیبر پختونخوا پاکستان کی خصوصی ہدایات پر اسلامیہ کالج کے روس کیپل ہال میں ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی اسلامیہ کالج کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوشاد خان تھے۔انہوں نے منشیات کو نوجوان نسل کے لئے زہرِ قاتل قرار دیا اور منشیات کے خاتمے کے لئے سیمینار کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔اینٹی نارکوٹیکس فورس پشاور کے پراجیکٹ آفیسر احمد بنِ طارق نے طلباء اور طلبات کو منشیات کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا اور منشیات کے غیر قانونی نقل و عمل اور منشیات کے استعمال کے خلاف شعور اور آگاہی پرروشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

اسلامیہ کالج کے چیف پراکٹرڈاکٹر امیر اللہ نے اسلامیہ کالج میں منشیات کے خلاف سیمینار کے انعقاد کو طلباء کے لئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ وہ منشیات سے پرہیز کریں کیونکہ منشیات استعمال کرنے والا شخص اپنی زندگی کے ساتھ ساتھ پورے خاندان کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کر دیتے ہیں۔