پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات دوستی اور تعاون کی مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں

کینیڈا میں پاکستان کے سفیر طارق عظیم خان کاکینیڈا پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کے سالانہ ڈنر سے خطاب

منگل 15 مئی 2018 21:41

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) کینیڈا میں پاکستان کے سفیر طارق عظیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات دوستی اور تعاون کی مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں اور ہم ان تعلقات کو بلندیوں کی نئی سطح تک لے جائیں گے۔پاکستان اپنے اقتصادی حجم کے لحاظ سے کینیڈا کو انتہائی اہم پارٹنر سمجھتا ہے۔گزشتہ روز کینیڈا پاکستان بزنس ایسوسی ایشن مینی ٹوبا کے سالانہ ڈنر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے بتایا کہ پاکستان نے پائیدار اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے اور حکومتی پالیسیوں سے میکرو اکنامک استحکام بحال ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نمک کے ذخائر کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں دوسرے،کاپر تیسرے اور لوہے کے ذخائر میں پانچویں نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ٹیکسٹائل اور دودھ کی پیداوار میں پاکستان چوتھے،گندم آٹھویں ،گوشت نویں اورچاول کی پیداوار میں گیارویں نمبر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر پاکستان تجارتی اور سرمایہ کاری سیکٹرز میں کینیڈا کیساتھ پارٹنر شپ کا خواہاں ہے۔

انہون نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے درمیان صرف مصنوعات میں دو طرفہ تجارت میں دو گنا اضافہ ہوا ہے جو 2014میں 703ملین کینیڈین ڈالر سے بڑھ کر 2017میں 1.7ارب کینیڈین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ہائی کمشنر نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنے پر معروف تاجروں کو محمد علی جناح ایوارڈز بھی پیش کئے۔