نواز شریف کبھی ملک و قوم کے مفاد کے خلاف بات کرنے کا تصور نہیں کرسکتے، ڈاکٹر مقبول احمد خان

انہیں دیوار کے ساتھ لگانے کا ہر منفی حربہ گندگی کا چربہ ثابت ہوگا،لیگی رہنماء

منگل 15 مئی 2018 21:43

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن)کے صوبائی رہنما و ممتاز سوشل سکالر ڈاکٹر مقبول احمد خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کبھی ملک و قوم کے مفاد کے خلاف بات کرنے کا تصور نہیں کرسکتے،انہیں دیوار کے ساتھ لگانے کا ہر منفی حربہ گندگی کا چربہ ثابت ہوگا،ان کے بیان کو غلط تناظر میں توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ، نواز شریف اس قوم اور ریاست کے ساتھ ہیں، نواز شریف کو پہلے ختم نبوت پھر نیب اور اب اس بیان کے معاملے پر پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے،ہر حربے کے بعد نواز شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔

منگل کو مسلم لیگ (ن)کے صوبائی راہنما و ممتاز سوشل سکالر ڈاکٹر مقبول احمد خان نینے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے بیانات میں کوئی بات نئی نہیں ہے، یہ ہی باتیں ممبئی حملے کے بعد اس وقت کے وزیر داخلہ رحمان ملک نے کیں، رحمان ملک کی باتیں ریکارڈ پر ہیں کہ ممبئی حملے کی سازش کا کچھ پارٹ پاکستان میں ہوا، رحمان ملک نے کہا تھا کہ 7لوگوں کو ہم نے پاکستان میں گرفتار کیا ، ممبئی حملے کی تحقیقات آپ پڑھ لیں ، یہ ہی تمام باتیں آپ کو ملیں گی، جب یہ ہمارا آفیشل موقف ہے کہ یہ نان اسٹیٹ ایکٹرز پاکستان سے گئے تھے، نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ اگر ان لوگوں کا بروقت ٹرائل ہو جائے تا کہ ہم دنیا کو دکھا سکیں کہ ہم نے ان کا ٹرائل کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف بھی نواز شریف کے ساتھ ہیں،پاکستان کا بچہ بچہ نواز شریف کے ساتھ ہے، نواز شریف کو اب تک کہا جا رہا ہے کہ نامعلوم نادان دوستوں نے پہلے نواز شریف کو ختم نبوت کے مسئلے میں پھنسانے کی کوشش کی، اس کے بعد نیب کے مقدمات میں پھنسانے کی کوشش کی اور اب اس بیان کے معاملے پر میاں نواز شریف کو پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔